بطور بیٹسمین زیادہ دیر کریز پر ٹھہرنے کی کوشش کروں گا، سابق کپتان
بطور بیٹسمین زیادہ دیر کریز پر ٹھہرنے کی کوشش کروں گا، سابق کپتان

ٹیسٹ چیمپین شپ میرے لیے چیلنج ہے۔اظہر علی

پاکستان ٹیسٹ ٹیم کے نو منتخب کپتان اظہرعلی نے کہا ہے کہ قومی ٹیسٹ ٹیم کی قیادت کرنا میرے لیے باعث اعزازاورفخرکی بات ہے جبکہ ٹیسٹ چیمپین شپ میرے لیے چیلنج ہے اور ہمارا ٹارگٹ رینکنگ میں اوپرجانا ہے، سرفرازاحمد کو میری مکمل حمایت حاصل ہے۔

نو منتخب کپتان اظہرعلی نے کہا ہے کہ مجھے بورڈ اور چیئرمین احسان مانی کی طرف سے مکمل اعتماد حاصل ہے کہ یہ مختصر مدت کی کپتانی ہے اور مجھے کہا گیا ہے کہ ٹیم سلیکشن میں میری رائے شامل ہو گی۔

پریس کانفرنس کرتے ہوئے اظہر علی نے ٹیسٹ ٹیم کی کپتانی ملنے پر خوشی کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ ہمارا ٹارگٹ رینکنگ میں ساتویں نمبر سے اوپر جانا ہے، وقت کیساتھ بہت کچھ سیکھنے کو ملتا ہے اورمیں نے بھی بہت کچھ سیکھا ہے اس لئے آپ مجھے بدلا ہوا دیکھیں گے۔

انہوں نے کہا کہ کپتانی کا انحصار ٹیم کی کمپوزیشن پر ہوتا ہے ، میرے پاس اتناضرور وقت ہے کہ اپنی صلاحیتوں کو ثابت کر سکوں، ایسا ٹیم کلچر بنانے کی ضرورت ہے کہ ہم دباﺅ میں بہتر پرفارم کریں۔ آسٹریلیا میں ریکارڈ اچھا نہیں، کھلاڑیوں سے کہوں گا کہ اٹیکنگ کرکٹ کھیلیں جبکہ جیت کیساتھ میرا یہ ہدف رہے گا کہ ٹیم کو ایسے کھلاڑی ملیں جو طویل عرصے تک کھیل سکیں۔

ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ محمد عامر اور وہاب ریاض اچھے باﺅلر ہیں لیکن اب وہ ٹیسٹ کرکٹ کیلئے دستیاب نہیں، اس سے فرق ضرور پڑے گا جبکہ رینکنگ میں بہترین کا ٹارگٹ اس وقت تک پورا نہیں ہو سکتا جب تک ہم ایشین کنڈیشنز سے باہر جیتنا شروع نہیں کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ سرفراز احمد کی پاکستان کیلئے بہت خدمات ہیں جس پر ان کا شکریہ ادا کرتا ہوں اور جس طرح انہوں نے ٹیم کو لیڈ کیا اس پر بھی مشکور ہوں،میری سرفراز احمد سے بات ہوئی ہے اورانہیں میری مکمل حمایت حاصل ہے۔