اولمپکس کوالیفائنگ راؤنڈ کے پہلے میچ میں پاکستان نے عالمی نمبر تین ہالینڈ کے خلاف عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے دنیائے ہاکی کو حیرت میں ڈال دیا تاہم ڈچ کھلاڑی کے آخری منٹ میں کیے گئے گول کی وجہ سے میچ 4-4 گول سے برابر رہا۔
ایمسٹلوین میں پاکستان اور نیدرلینڈز کے درمیان 2 میچوں پر مشتمل اولمپکس کوالیفائنگ راؤنڈ کا پہلا میچ انتہائی دلچسپ و سنسنی خیز رہا۔
میچ کے پہلے ہی کوارٹر میں پاکستان کو ملنے والے پنالٹی کارنر کو مبشرعلی نے گول میں بدل کر برتری حاصل کرلی۔
دوسرا کوارٹر شروع ہوا تو ہالینڈ نے یکے بعد دیگرے دو گول کرکے برتری اپنے نام کرلی لیکن غضنفر علی نے شاندار گول کرکے مقابلہ پھر2-2 سے برابر کردیا ہاف ٹائم تک مقابلہ دو دو گول سے برابر تھا۔
تیسرے کوارٹر شروع ہوا تو کھیل پرگرفت کا توازن بدلتا رہا، بالآخر رضوان علی نے گول کرکے پاکستان کو پھر برتری دلائی جو کچھ دیر بعد ہالینڈ نے برابر کردی۔
آخری کوارٹر میں پاکستان کی جانب سے کھیل کے اختتام سے چند منٹ قبل مبشرعلی میچ میں دوسرا اور پاکستان کا چوتھا گول کرکے پاکستان کو فتح کے قریب لے گئے لیکن آخری سیکنڈ میں ہالینڈ کو ملنے والی پنالٹی کو ڈچ کھلاڑی رابرٹ کیمپرمین نے گول میں بدل کر پاکستان کو یقینی جیت سے محروم کردیا۔
دونوں ٹیموں کے درمیان دوسرا اور فیصلہ کن کوالیفائنگ میچ آج کھیلا جائے گا۔
اس میچ میں جو ٹیم کامیابی حاصل کرے گی وہ آئندہ برس ٹوکیو میں ہونے والے اولمپکس مقابلوں میں شرکت کی حقدار ہوگی، تاہم اگریہ میچ بھی برابر رہا تو کوالیفکیشن کا فیصلہ پنالٹی شوٹ آؤٹ پرہوگا۔