کراچی سے خیبر تک عوام کشمیر پر بھارتی قبضے اور مظالم کیخلاف سراپا احتجاج ہیں۔فائل فوٹو
کراچی سے خیبر تک عوام کشمیر پر بھارتی قبضے اور مظالم کیخلاف سراپا احتجاج ہیں۔فائل فوٹو

بھارتی مظالم کیخلاف کشمیریوں کا 72 واں یوم سیاہ

پاکستان سمیت دنیا بھر میں موجود پاکستانی و کشمیری شہری 27 اکتوبر1947ء کو کشمیر پر بھارتی غاصبانہ قبضے کے خلاف آج یوم سیاہ منا رہے ہیں۔

کراچی سے خیبر تک عوام کشمیر پر بھارتی قبضے اور مظالم کیخلاف سراپا احتجاج ہیں، مظاہرین کا کہنا ہے کہ کشمیریوں کی حمایت جاری رکھیں گے، مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کیا جائے۔

پاکستان کے عوام مظلوم کشمیریوں کی آواز بن گئے، شہر،شہر کشمیر پر بھارت کے قبضے کیخلاف احتجاج کیلئے سڑکوں پر نکل آئے، ریلیوں میں کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کر رہے ہیں۔

میرپور آزاد کشمیر میں ضلع کچہری سے چوک شہیداں تک احتجاجی ریلی نکالی گئی جس میں مختلف مکاتب فکر کے افراد نے بڑی تعداد شریک کی۔ فضا کشمیر کی آزادی کے حق میں نعروں سے گونج اٹھی۔

ٹوبہ ٹیک سنگھ، پنڈی بھٹیاں، ظفروال، راجن پور اور دیگرکئی شہروں میں بھی عوام کشمیریوں کے حمایت کیلئے سڑکوں پر نکل آئے۔

ڈیرہ بگٹی اور چاغی میں بھی کشمیریوں سے یکجہتی کا اظہار کیا گیا، ڈیرہ بگٹی میں نکالی گئی ریلی میں سابق صوبائی وزیر داخلہ بلوچستان سرفراز بگٹی اورقبائلی عمائدین بھی شریک ہوئے۔ شرکا کشمیر بنے گا پاکستان کے نعرے لگاتے رہے۔ کرک اور بنوں میں بھی شہریوں نے ریلیاں نکالیں۔

حیدر آباد میں ضلعی انتظامیہ کی جانب سے کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لئے ریلی کا انعقاد کیا گیا جس میں شہریوں کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔

کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کےلیے فرانس کے درالحکومت پیرس کے اہم مقام ایفل ٹاور کے سامنے بھرپور احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔

آزاد جموں کشمیر فورم کے صدر مرزا آصف جرال، چیئرمین نعیم چوہدری کی قیادت میں کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کےلئے کیے گئے مظاہرے میں  بچوں نے خصوصی شرکت کی۔

کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے پیرس میں احتجاجی مظاہرہ

مظاہرین سردی کے باوجوف گھنٹوں انڈیا، مودی کے خلاف شدید نعرے بازی کرتے رہے، مظاہرین نے پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے جن پرکشمیریوں سے مکمل اظہار یکجہتی کے اظہار کے علاوہ بھارتی افواج کے مقبوضہ کشمیر مظالم بربریت کا نشانہ بنے والوں کی تصاویر آویزاں تھیں۔

ہم کشمیریوں کےساتھ کھڑے ہیں :صدر مملکت 

صدر مملکت عارف علوی نے یوم سیاہ کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ کشمیریوں کا مقدمہ پاکستان کا مقدمہ ہے، ہر عالمی فورم پر کشمیریوں کا مقدمہ اٹھاتے رہیں گے اور ہم کشمیریوں کےساتھ کھڑے ہیں ۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان پوری دنیا میں کشمیریوں کے حقوق کی بات کرتا ہے مقبوضہ کشمیر میں جونہی کرفیو اٹھےگا تو کشمیری پھر سے اپنے جذبات کی عکاسی کریں گے۔

پاکستان کشمیریوں کی حمایت جاری رکھے گا۔ وزیراعظم عمران خان

دوسری جانب  وزیراعظم عمران خان نے کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے پیغام دیا کہ 27اکتوبر1947کو بھارت نے بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئےکشمیرپرقبضہ کیا۔ 5 اگست 2019 سے بھارتی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں میں کئی گُنا اضافہ ہوا ۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ کرفیو کے باعث مقبوضہ کشمیر کرہ ارض کی سب سے بڑی جیل میں تبدیل ہوگیا ہے،  وہاں ادویات اور اشیائے خورد نوش کی شدیدقلت ہے، ہزاروں افراد جابرانہ حراست میں لیے گئے، ہزاروں نوجوانوں کو اغواء کر کے نامعلوم مقام پر قیدکیا گیا جب کہ قید اور اغواء کیے گئے افراد کے ساتھ غیر انسانی اور تضحیک آمیز سلوک کیاجارہاہے۔

بھارتی جارحیت کو واضح کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ بھارتی ریاستی دہشتگردی آج پہلے سے کہیں زیادہ سفاکانہ رخ اختیار کرگئی ہے جس سے نام نہاد” بڑی جمیوریت” ہونے کے دعویدار بھارت کا اصل چہرہ بے نقاب ہوچکا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان مقبوضہ کشمیر میں کرفیو اور بھارتی غیر قانونی ، یکطرفہ اقدامات کی منسوخی کا مطالبہ کرتاہے لہذا عالمی برادری مظلوم کشمیریوں کے بنیادی انسانی حقوق کےاحترام اور آزادی کو یقینی بنائے۔

کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے وزیراعظم نے مزید کہا کہ ہم مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام سے غیر متزلزل یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں کشمیری بھائیوں، بہنوں کو یقین دلاتے ہیں کہ پاکستان ہمیشہ ان کے شانہ بشانہ کھڑا رہے گا اور حق خودارادیت کے حصول تک کشمیریوں کی اخلاقی، سیاسی ، سفارتی حمایت جاری رکھیں گے۔

آج کشمیر بنے گا پاکستان کے اعلان کا دن ہے۔شہباز شریف

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہبازشریف نے یوم سیاہ پر کشمیریوں اور پاکستانیوں کے نام پیغام دیتے ہوئے کہا آج کشمیر بنے گا پاکستان کے اعلان کا دن ہے، تقسیم برصغیر کا ادھورا ایجنڈا کشمیرکی آزادی سے ہی مکمل ہوگا، تکمیل پاکستان کے لیے کشمیر کی آزادی لازمی تقاضا ہے۔

انہوں نے کہاکہ شہداکے قبرستان گواہ ہیں کشمیری آزاد تھے، ہیں اور رہیں گے، غاصب اور قاتل بھارت کشمیریوں کی جان لے سکتا ہے، خواب نہیں چھین سکتا، دنیا دہشت گردی کے خاتمے میں سنجیدہ ہے تو مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ریاستی دہشت گردی ختم کرائے۔

 کشمیریوں کی حمایت کرتے رہیں گے۔بلاول بھٹو

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے کہا مسئلہ کشمیر پر پاکستان میں کوئی دو رائے نہیں، مسئلہ کشمیر کا حل مقامی آبادی کی امنگوں کے مطابق ہونا چاہیے، کشمیریوں کو حق خودارادیت ملنے تک ہر سطح پر اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت کرتے رہیں گے۔