پاکستان ہاکی ٹیم 2016 کے بعد 2020 کے اولمپک مقابلوں کے لیے کوالیفائی کرنے میں بھی ناکام ہوگئی۔فائل فوٹو
پاکستان ہاکی ٹیم 2016 کے بعد 2020 کے اولمپک مقابلوں کے لیے کوالیفائی کرنے میں بھی ناکام ہوگئی۔فائل فوٹو

پاکستان ہاکی ٹیم مسلسل دوسری مرتبہ اولمپک سے باہر

نیدرلینڈز نے پاکستان کو 1-6 سے شکست دے کر آئندہ برس ٹوکیو اولمپکس میں گرین شرٹس کی انٹری کا خواب چکناچور کردیا۔

پاکستان ہاکی ٹیم 2016 کے بعد 2020 کے اولمپک مقابلوں کے لیے کوالیفائی کرنے میں بھی ناکام ہوگئی۔

قومی ہاکی ٹیم کی اولمپک 2020 میں شرکت کے درمیان عالمی نمبر تین ٹیم نیدرلینڈز حائل ہوگئی۔

سابقہ عالمی چیمپئنز ٹیمیں ایمسٹلوین میں دوسرے کوالیفائر میچ میں مد مقابل آئیں تو میزبان ٹیم نے جارحانہ کھیل پیش کرکے قومی ٹیم کو ابتدا میں ہی دباؤ میں لے لیا۔

کیلرمین بورن نے پہلے کواٹر کے دوران 9ویں منٹ میں گول کرکے اپنی ٹیم کو 0-1 کی برتری دلادی۔

میچ کے 17ویں منٹ میں ویندر ویردین منک نے پنالٹی اسٹروک کا فائدہ اٹھاتے ہوئے اپنی برتری دگنی کردی۔

میزبان ٹیم نے یہیں بس نہ کی بلکہ 22ویں اور 29ویں منٹ میں مزید گول اسکور کرکے ہاف ٹائم سے قبل ہی قومی ٹیم کی اولمپک کی امیدوں کو ماند کردیا۔

پہلے اور دوسرے کوارٹر کی طرح تیسرے کوارٹر میں بھی نیدرلینڈز کی ٹیم نے 2 مزید گول اسکور کرکے اپنی برتری کو 0-6 کردیا جہاں سے قومی ٹیم کی واپسی ناممکن ہوگئی۔

قومی ٹیم نے میچ کے چوتھے کوارٹر میں میزبان ٹیم پر جوابی وار کرنے کی کوشش کی اورعلی رضوان نے پنالٹی کارنرپرگرین شرٹس کے خسارے کو ایک گول سے کم کیا۔

نیدرلینڈز نے دوسرے کوالیفائر میں 1-6 سے شکست دے کر گرین شرٹس کے اولمپک 2020 میں شرکت کا خواب چکنا چور کردیا۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز 2 میچوں پر مشتمل کوالیفائر کا پہلا میچ 4-4 سے برابر رہا تھا۔