ارجنٹائن میں ہونے والے عام انتخابات میں حکمراں جماعت ری پبلکن پارٹی اور صدر موریسیو ماکری کو شکست کا سامنا کرنا پڑا اوراپوزیشن سے تعلق رکھنے والے البرٹو فرنانڈز نے کامیابی حاصل کرلی۔
غیرملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ارجنٹینا میں جنرل الیکشنز میں جسٹسلسٹ پارٹی سے تعلق رکھنے والے امیدوار البرٹو فرنانڈز 45 فیصد سے زیادہ ووٹ حاصل کرکے صدر منتخب ہوگئے۔ انہوں نے موجودہ صدر موریسیو ماکری کو شکست دے دی۔
صدر موریسیو ماکری نے شکست تسلیم کرتے ہوئے زمام کار البرٹو فرنانڈز کے حوالے کرنے کا اعلان کردیا ہے۔ البرٹو فرنانڈز کے حامیوں اور کارکنوں نے ان کی کامیابی پر خوب جشن منایا اور آتش بازی کی۔ پہلا بار ایسا ہوا ہے کہ ارجنٹینا میں کوئی صدر دوبارہ منتخب ہونے میں ناکام ہوگیا ہو۔
ارجنٹائن اس وقت معاشی بحران کا سامنا کر رہا ہے۔ موریسیو ماکری نے برسراقتدارآنے پرملک کی معیشت کو ترقی دینے کے وعدے کیے تھے جنہیں وہ پورا نہ کرسکے اور ملک کی کرنسی کی قدر میں نمایاں کمی ہوئی۔
ماہرین نے معاشی زبوں حالی کو موریسیو ماکری کی شکست کی وجہ قرار دیا ہے۔ نومنتخب صدر البرٹو فرنانڈز کو ملکی معیشت کی بحالی کے مشکل چیلنج کا سامنا ہوگا۔