تیز گام ٹرین کی ایئرکنڈیشنڈ اوربزنس کلاس کی تین بوگیوں میں آگ لگی۔فوٹوسوشل میڈیا
تیز گام ٹرین کی ایئرکنڈیشنڈ اوربزنس کلاس کی تین بوگیوں میں آگ لگی۔فوٹوسوشل میڈیا

تیزگام ایکسپریس میں خوفناک آتشزدگی۔74 افراد جاں بحق،100زخمی

کراچی سے لاہور اور راولپنڈی جانے والی تیز گام ایکسپریس میں آتشزدگی سے 74 افراد جاں بحق،100سے زائد زخمی ہوگئے۔

نجی ٹی وی کے مطابق کراچی سے لاہور اور راولپنڈی جانے والی تیز گام ایکسپریس میں آگ بھڑک اٹھی۔ حادثہ رحیم یار خان میں ٹانوری اسٹیشن چک نمبر 6 چنی گوٹھ کے قریب پیش آیا اور زیادہ تر جاں بحق افراد کا تعلق تبلیغی جماعت سے ہے جو اجتماع میں شرکت کے لیے رائیونڈ جارہے تھے۔

آگ کے شعلوں نے 3 بوگیوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا جس کے باعث 74 افراد آگ سے جھلس کر جاں بحق اور100 سے زائد افراد شدید زخمی ہوگئے جنہیں طبی امداد کے لیے قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ متعدد زخمیوں کی حالت نازک ہے جس کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔

ڈپٹی کمشنر جمیل احمد جمیل نے بتایا کہ تیز گام ٹرین کی ایئرکنڈیشنڈ اوربزنس کلاس کی تین بوگیوں میں آتشزدگی ہوئی جن میں 209 مسافر سوار تھے۔ متعدد لاشیں ناقابل شناخت ہوگئی ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق تیز گام ایکسپریس کراچی سے پنڈی جارہی تھی ،ٹرین میں تبلیغی اجتماع پر جانے والے افراد سوار تھے، لیاقت پور کے قریب ٹرین میں ناشتہ بناتے ہوئے سلنڈر دھماکے سے پھٹ گیا جس سے مسافروں کے سامان میں موجود گھی ،آئل وغیرہ سے آگ بھڑک اٹھی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے پوری بوگی کو اپنی لپیٹ میں لے لیا، آگ مزید بڑھتے بڑھتے دوسری اور تیسری بوگی تک پہنچ گئی اور وہاں پرموجود سلنڈر بھی دھماکے سے پھٹ گئے۔

آتشزدگی واقعہ میں مسافر چلتی ٹرین سے کود گئے ،واقعہ میں جاں بحق افراد کی تعداد74ہو گئی جبکہ زخمیوں میں بعض کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے،واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں جائے حادثہ پر پہنچ گئیں اور ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ، جاں بحق اور زخمیوں کو رحیم یار خان کے ہسپتال میں منتقل کردیا گیا،ہسپتال میں سہولیات ناکافی ہونے کی وجہ سے زخمیوں کو نشتر ہسپتال ملتان منتقل کیا جائے گا۔

ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر باقرحسین نے کہا ہے کہ کوئی بھی لاش قابل شناخت نہیں، ہلاکتوں میں مزید اضافے کا خدشہ ہے ،آتشزدگی کا واقعہ صبح 6 بج کر 45 منٹ پر پیش آیا،فائر بریگیڈاور ریسکیو کے عملے نے کافی تک و دو کے آگ پر قابو پا لیا

آگ گیس سلنڈر پھٹنے سے لگی

ریسکیو ذرائع کے مطابق مبینہ طور پر تبلیغی جماعت کے مسافروں کا گیس سلنڈر پھٹنے سے آگ لگی۔ حادثے کا شکار اکانومی کلاس کی دو بوگیاں امیرحسین اینڈجماعت کے نام سے بک کی گئی تھیں۔

ریسکیو اہلکاروں کی جانب سے امدادی آپریشن جاری ہے جس میں پاک فوج کے دستے بھی شریک ہیںجبکہ خان پور، لیاقت پور اور ریلوے پولیس بھی موقع پر پہنچ گئی ہیں۔

Image result for tezgam fire in pakistan

اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ

حکام کے مطابق مسافر ٹرین میں آگ لگنے کے افسوسناک حادثے کے بعد ضلع بھر کے اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی۔ ریسکیو 1122، پولیس، فائر برگیڈ، سمیت دیگر امدادی ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر ریسکیو آپریشن شروع کر دیا جب کہ حادثے میں متاثرہ زخمیوں کو ٹی ایچ کیو لیاقت پور، آر ایچ سی چنی گوٹھ اور بہاولپور وکٹوریہ ہسپتال منتقل کیا جا رہا ہے۔

15لاکھ معاوضہ

ریلوے انتظامیہ حادثہ میں جاں بحق افراد کے لواحقین کو انشورنس کی مد میں 15لاکھ روپے دے گی، جبکہ زخمی ہونے والوں کو50ہزار روپے سے3لاکھ روپے تک دیے جائیں گے۔

شیخ رشید

وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے جاں بحق افراد کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ تیزگام ایکسپریس کو حادثہ کراچی سے راولپنڈی جاتے ہوئے پیش آیا تاہم ریسکیو اور فائر بریگیڈ کی امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ آگ ٹرین کی اکانومی کلاس میں گیس سلنڈر پھٹنے سے لگی جب کہ مسافروں نے ٹرین سے کود کر جانیں بچائیں۔

وزیراعظم عمران خان، صدرمملکت عارف علوی سمیت حکومتی و دیگر سیاسی شخصیات نے حادثے میں قیمتی جانوں کے نقصان پر گہرے دکھ اور غم کا اظہار کیا ہے۔

تحقیقات شروع کر دی گئیں

چیئرمین ریلوے سکندر سلطان کے مطابق گریڈ 21 کے وفاقی انسپکٹر دوست علی لغاری کو تحقیقاتی آفیسر مقرر کردیا گیا ہے جو جائے حادثہ پرتمام شواہد اکھٹے کرکے وزیراعظم کو رپورٹ پیش کریں گے۔

Image result for tezgam fire in pakistan

چیئرمین ریلوے سکندر سلطان نے بتایا کہ تحقیقات کے لیے دیگر افسران کو بھی جائے حادثہ پر روانہ کردیا گیا ہے۔

ریلوے ہیلپ لائن

ترجمان ریلوے کے مطابق انتظامیہ کی جانب سے تیزگام ٹرین کے زخمی اور جاں بحق مسافروں سے متعلق معلومات کے حصول کے لیے ہیلپ لائن قائم کردی گئی ہے۔

ترجمان ریلوے نے بتایا کہ ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ، ڈویژنل کمرشل آفیسر اور ڈویژنل میڈیکل آفیسرجائے حادثہ پر موجود ہیں، مندرجہ ذیل نمبروں پر فون کرکے معلومات حاصل کی جاسکتی ہے۔

  • حیدرآباد انکوائری 03003026200 ،لاہور کنٹرول آفس 04299201795 پر معلومات حاصل کی جاسکتی ہے۔
  • سکھر کنٹرول آفس0719310087 ، کراچی02199213528 پر معلومات حاصل کی جاسکتی ہے۔
  • اس کے علاوہ ڈویژنل کمرشل آفیسرکراچی03468328023 پر معلومات حاصل کی جاسکتی ہے۔