افریقی ملک مالی میں فوجی اڈے پر حملے میں 53 فوجی اورایک عام شہری ہلاک ہوگیا۔
مالی کے وزیراطلاعات یحیی سنگارے نے میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے بتایا کہ ملک کے شمال مشرقی علاقے میناکا میں نائیجر کی سرحد کے قریب دہشت گردی کا واقعہ پیش آیا۔ نامعلوم مسلح حملہ آوروں نے فوجی اڈے پر دھاوا بول کر 53 فوجیوں کو موت کے گھاٹ اتار دیا۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی سیکیورٹی فورسز کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچی اور لاشوں و زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا۔
حکام کے مطابق صورت حال قابو میں آگئی ہے اور ہلاک شدگان کی شناخت کا عمل جاری ہے۔ حملے کی ذمہ داری کسی نے قبول نہیں کی۔ زخمیوں میں سے متعدد کی حالت نازک ہے جس کی وجہ سے ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔
مالی کی حکومت نے اسے دہشت گردی کا واقعہ قراردیتے ہوئے سخت مذمت کی ہے۔ سیکیورٹی فورسز نے حملہ آوروں کی گرفتاری کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کردیا ہے اور تحقیقات جاری ہیں۔
2012 میں مالی میں القاعدہ نے وسیع و عریض علاقے پر قبضہ کرلیا تھا جس کے بعد فرانس کی فوج نے اس کے خلاف آپریشن کرکے بہت سے عسکریت پسندوں کو ہلاک کردیا۔
مالی میں ’جی 5 ساحل فورس‘ کے نام سے 5 ممالک کی افواج بھی القاعدہ اور داعش سمیت دیگر مسلح تنظیموں کے خلاف کارروائی کے لیے تعینات ہیں۔ ان ممالک میں برکینا فاسو، چاڈ، مالی، موریطانیہ اور نائیجر شامل ہیں۔