بنگلہ دیش کے برہمن ضلع میں دو ٹرینوں کے درمیان تصادم میں 16افراد ہلاک اور50 سے زائد افراد زخمی ہوگئے۔
ڈھاکا ٹربیون نے اپنی رپورٹ میں ڈپٹی کمشنر حیات الدولہ خان کے حوالے سے کہا کہ سلہٹ سے چٹ گاؤں جارہی ادین ایکسپریس کی ڈھاکہ تورنا نشیتا ٹرین سے مندوباغ اسٹیشن پر منگل کی رات تقریبا تین بجے تصادم ہوگیا۔
حیات الدولہ خان نے بتایا کہ یہ ٹکر لوکو ماسٹر کے سگنل کو فالو نہیں کرنے کی وجہ سے ہوئی۔
وزارت ریلوے کے سکریٹری مفضل حسین نے بتایا ہے کہ واقعے کی تحقیقات کے لیے تین الگ الگ تحقیقاتی کمیٹیاں تشکیل دی گئی ہیں۔
‘ڈیلی اسٹار’ کی خبر کے مطابق ادین ایکسپریس اکھورا ریلوے جنکشن پر ٹریک کو بدل رہی تھی کہ دونوں ٹرینیں آمنے۔سامنے آگئیں۔ خبر میں کہا گیا کہ ہلاک ہونے والوں کی شناخت ابھی تک نہیں ہوسکی۔
اکھورا ریلوے اسٹیشن کے انچارج شیام لال کانتی داس نے بتایا کہ 12 افراد موقع پر ہی دم توڑ گئے اور تین نے اسپتال میں دم توڑا۔ انہوں نے کہا کہ ریسکیو آپریشن جاری ہے۔
ہلاکتوں کی تعداد بڑھنے کا اندیشہ ہے کیونکہ ابھی کئی لوگ تباہ شدہ ڈبوں میں پھنسے ہیں۔ حادثے کی وجہ سے ڈھاکہ۔چٹ گاؤں، ڈھاکہ۔ نو آکھلی اور چٹ گاؤں۔ سلہٹ پر ٹرینوں کی آمد ورفت کو روک دیا گیا ہے۔
ضلع پولیس سربراہ نے حادثے میں 16 افراد کے مارے جانے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ کچھ زخمیوں کی حالت نازک ہونے کی وجہ سے مرنے والوں کی تعداد بڑھ سکتی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ امدادی کام جاری ہے۔