دہلی میں بی جے پی کے رکن پارلیمنٹ گوتم گمبھیر کے لاپتہ ہونے کے پوسٹر درختوں پرلگا دیے گئے ۔
پوسٹروں میں لکھا ہے، ”کیا آپ نے انہیں دیکھا ہے؟ آخری بارانہیں اندورمیں جلیبی کھاتے دیکھا گیا تھا۔ پوری دہلی انہیں ڈھونڈ رہی ہے۔”
واضح رہے کہ گوتم گمبھیر15 نومبر کو دہلی میں فضائی آلودگی سے متعلق شہری ترقی کی پارلیمانی اسٹینڈنگ کمیٹی کے اجلاس میں شریک نہیں ہوئے تھے، جس کے بعد پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس ملتوی کردیا گیا تھا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق خاص بات یہ کہ 29 ارکان پارلیمنٹ پارلیمانی کمیٹی کے ممبران ہیں لیکن اجلاس میں صرف 4 ممبران پارلیمنٹ ہی پہنچے تھے۔ ایم سی ڈی کے تین کمشنر، ڈی ڈی اے کے وائس چیئرمین اور وزارت ماحولیات میں جوائنٹ سکریٹری بھی اس اجلاس میں شریک نہیں ہوئے۔
متعدد سینئر عہدیداروں کے اجلاس میں نہ پہنچنے کی وجہ سے 15 نومبر کے اجلاس کو ملتوی کر دینا پڑا۔ یہ اجلاس اب 20 نومبر کو ہو سکتا ہے۔
دہلی میں حکمران عام آدمی پارٹی نے بھی گوتم گمبھیر پر حملہ کیا اوران پرسخت تنقید کی۔ وزیر سوربھ بھاردواج نے ٹوئٹ کیا، ”بی جے پی نے آلودگی کی روک تھام کے لیے پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس طلب کیا۔ ایم سی ڈی کے کمشنرز اور ڈی ڈی اے کے وی سی وہاں نہیں گئے۔
رکن پارلیمنٹ گوتم گمبھیر بھی صرف ٹوئٹر پر درس دیتے ہیں لیکن وہ اس میٹنگ میں شریک نہیں ہوتے ہیں۔”
ماحولیات پراہم میٹنگ میں شرکت نہ کرنے پر بی جے پی رکن پارلیمنٹ گوتم گھمبیر کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے اور اسی ضمن میں نئی دہلی میں درختوں پر ان کی گمشدگی کے پوسٹرز لگا دیے گئے ہیں۔