مالی میں داعش کافی مضبوط سمجھی جاتی ہے۔فائل فوٹو
مالی میں داعش کافی مضبوط سمجھی جاتی ہے۔فائل فوٹو

مالی میں داعش کے حملے میں 24 فوجی ہلاک،29 زخمی

افریقی ملک مالی کے مشرقی علاقے میں عسکریت پسندوں کے حملے میں 24 فوجی ہلاک،29 زخمی ہوگئے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ہمسایہ ممالک مالی اور نائیجر کی افواج سرحدی علاقے گاؤ میں عسکریت پسندوں کے خلاف مشترکہ فوجی آپریشن کررہی تھیں کہ اس دوران ان پرایک بڑا حملہ ہوا۔ اس واقعے میں بڑے پیمانے پر مالی کی فوج کے 24 اہلکار مارے گئے اور بڑے پیمانے پرجانی و مالی نقصان ہوا۔

داعش نے حملے کی ذمے داری قبول کرلی ، مالی میں داعش کافی مضبوط سمجھی جاتی ہے اورواقعے میں اس کے ملوث ہونے کا خیال ظاہر کیا جارہا تھا۔

مالی میں فوجی اڈے پر حملے میں 53 فوجی ہلاک

مالی کی فوج نے اپنے بیان میں کہا کہ اس حملے کے بعد پڑوسی ملک نائیجر کی حدود میں جوابی کارروائی کرتے ہوئے 17 مشتبہ افراد کو ہلاک کردیا اور 100 سے زائد مشکوک افراد کو حراست میں لے لیا ہے جبکہ ان کی 70 سے زائد موٹرسائیکلیں کو بھی تباہ کردیا ہے۔

مالی میں حالیہ عرصے میں فوج پر یہ دوسرا بڑا حملہ ہے۔ رواں ماہ کی ہی دو تاریخ کو سرحدی علاقے میں فوجی اڈے پر حملے میں 53 فوجی ہلاک ہوگئے تھے۔

2012 میں مالی میں القاعدہ نے وسیع و عریض علاقے پر قبضہ کرلیا تھا جس کے بعد فرانس کی فوج نے اس کے خلاف آپریشن کرکے بہت سے عسکریت پسندوں کو ہلاک کردیا۔

القاعدہ اور داعش کے خلاف کارروائی کے لیے مالی میں ’جی 5 ساحل فورس‘ کے نام سے 5 ممالک کی افواج تعینات ہیں۔ ان ممالک میں برکینا فاسو، چاڈ، مالی، موریطانیہ اورنائیجر شامل ہیں۔