سعودی فرمانروا شاہ سلمان نے قطرکے امیرکو آئندہ ہفتے خلیجی علاقائی ممالک کی ریاض میں ہونے والی چوٹی کانفرنس کیلیے مدعو کیا ہے ۔
قطری سرکاری میڈیا نے یہ بات بتائی اور یہ واضح نہیں کیا کہ امیر قطر نے یہ دعوت قبول کی ہے یا نہیں۔ 10 ڈسمبر کو ہونے والی چوٹی کانفرنس میں خلیج کے چھ ممالک شرکت کر رہے ہیں اور یہ اشارے مل رہے ہیں کہ قطر اور سعودی عرب کے مابین اختلافات میں کمی آ رہی ہے ۔
ان اختلافات کی وجہ سے قطر کے معاشی مقاطعہ کا 2017 میں آغاز ہوا تھا ۔ سعودی عرب اورحلیف ممالک مصر، بحرین اور متحدہ عرب امارات نے قطر ائیرویز کیلیے اپنی ہوائی پٹی بند کردی تھی اوراس ملک کے سفر پرامتناع بھی عائد کردیا تھا ۔
ان ممالک کا الزام تھا کہ قطر انقلابی گروپس کی تائید کرتا ہے اور اسے ایران سے تعلقات ختم کرلینے چاہئیں۔