لاشوں کو شناخت اور ڈی این اے کے لیے کوئٹہ منتقل کردیا گیا۔فائل فوٹو
لاشوں کو شناخت اور ڈی این اے کے لیے کوئٹہ منتقل کردیا گیا۔فائل فوٹو

بس اور پک وین میں تصادم۔گاڑیوں کو آگ لگ گئی۔13افراد کوئلہ بن گئے

کوئٹہ ژوب قومی شاہراہ پر مسافر بس اور پک وین میں تصادم کے نتیجے میں13 افراد جھلس کر جاں بحق ہوگئے،لاشیں جل کر کوئلہ بن گئیں، پک وین میں ایرانی ڈیزل بھرے ہونے کی وجہ سے آگ لگی۔

لیویز ذرائع کے مطابق قلعہ سیف اللہ روڈ پر کان مہترزئی کے قریب ڈیرہ غازی خان سے آنے والی مسافر بس سامنے سے آنے والی پک اپ گاڑی سے اچانک ٹکرا گئی، پک اپ گاڑی میں ایرانی ڈیزل کے کین بھرے ہونے کے باعث دونوں گاڑیوں میں آگ لگ گئی۔

تصادم سے 12 افراد جل کر جاں بحق اور ایک مسافر نے زخمی حالت میں چھلانگ لگا کراپنی جان بچائی جو بعد میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے زندگی کی بازی ہار گیا۔ ریسکیو اور سیکیورٹی اہلکاروں کو برفباری کے باعث امدادی کاموں میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، تاہم تمام لاشیں بس سے نکال لی گئیں۔

لاشوں کو شناخت اور ڈی این اے کے لیے کوئٹہ منتقل کردیا گیا، پک اپ کار میں ایرانی ڈیزل اسمگل کیا جا رہا تھا۔

ذرائع کے مطابق پیٹرول سے بھری پک اپ اور مسافر ڈائیوو بس میں تصادم ہوا جس کے باعث بس اور پک اپ میں آگ بھڑک اُٹھی اور دیکھتے ہی دیکھتے دونوں گاڑیاں جل کر خاکستر ہو کر کھائی میں جا گریں۔

دوسری جانب ڈپٹی کمشنر قلعہ سیف اللہ  نے بتایا ہے کہ مسلم باغ کے قریب حادثہ ایرانی پیٹرول سے بھری پک اپ کی وجہ سے پیش آیا ہےجو کوئٹہ سے قلعہ سیف اللہ جارہی تھی۔ان کا کہنا تھا کہ اس حادثے کے حوالے سے مزید تحقیقات جاری ہیں۔