روسی وزارت خارجہ نے امریکی سفیرکو طلب کرلیا۔فائل فوٹو
روسی وزارت خارجہ نے امریکی سفیرکو طلب کرلیا۔فائل فوٹو

روس نےاسٹیل ملز کی بحالی کی پیشکش کردی

روس نے پاکستان اسٹیل ملزکی بحالی اوراس کی پیداواری صلاحیت بڑھانے کے لیے تعاون کی پیشکش کردی۔وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور حماد اظہر اور روس کے وزیر تجارت ڈینس ویلنٹنووچ کی زیر صدارت پاکستان روس بین الحکومتی کمیشن کا اجلاس اسلام آباد میں ہوا۔

اجلاس کے بعد حماد اظہر کے ہمراہ مشترکہ نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے روسی وزیرتجارت نے کہاکہ ہم اسٹیل ملز کی بحالی اوراس کی پیداواری صلاحیت بڑھانے کے لیے پاکستان کو تعاون فراہم کریں گے۔انہوں نے نارتھ سائوتھ گیس پائپ لائن بچھانے سمیت پاکستان کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے میں دلچسپی ظاہرکی۔

روسی وزیر کا کہنا تھا کہ روس جہاز سازی کے شعبے میں پاکستان کے ساتھ تعاون کا خواہاں ہے جب کہ زراعت کے شعبے میں بھی تعاون کے وسیع مواقع موجود ہیں، اس کے علاوہ روس پاکستان کے ساتھ ریلوے کے شعبے میں بنیادی ڈھانچے اور ریل گاڑیوں کی مقامی تیاری کے شعبے میں تعاون بڑھانا چاہتا ہے۔

اس موقع پراقتصادی امور کے وزیر حماد اظہر نے کہا کہ پاکستان روس کے ساتھ تعلقات کو تزویراتی شراکت داری میں بدلنے کا خواہش مند ہے۔حماد اظہر نے کہا کہ روس کی کمپنیاں پاکستان میں تیل و گیس کے شعبے میں سرمایہ کاری کریں۔ پاکستان اسٹیل ملز کی بحالی میں روس کی جانب سے تعاون کی پیشکش کو سراہتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان روس کے ساتھ ریلوے کے شعبے میں مل کر کام کرنے کے لیے تیار ہے اور کوئٹہ تفتان ریلوے سیکشن کی اپگریڈیشن پر بھی مل کرکام کرنے کو تیار ہیں۔

انہوں نے کہاکہ دونوں ممالک میں تجارت ، کاروباری تعلقات اورعوامی سطح پر رابطوں کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کے بے پناہ مواقع موجود ہیں۔