وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید ایل این جی کیس میں شاہد خاقان عباسی کے خلاف گواہ بن گئے ہیں اور وہ احتساب عدالت میں گواہی دیں گے۔
نیب مجموعی طور پر احتساب عدالت میں 59 گواہان پیش کرے گا اور شیخ رشید کو بطور شکایت کنندہ نیب کے پہلے گواہ ہوں گے جبکہ ان کے علاوہ وزارت توانائی کے چار افسران بھی گواہان کی فہرست میں شامل ہیں جن میں محمد حسن بھٹی ، عبدالرشید جوکھیو، عمر سعید ، نواز احمد ورک شامل ہیں ۔
قائم مقام جنرل منیجر سوئی سدرن گیس فصیح الدین بھی گواہوں کی فہرست میں شامل ہیں ۔ جمیل اجمل ڈائریکٹر پورٹ قاسم اتھارٹی بھی استغاثہ کے گواہ ہوں گے ۔
نیب کی جانب سے احتساب عدالت میں جمع کروائی گئی گواہان کی فہرست میں سب سے پہلا نام شیخ رشید کا ہے جو کہ فرد جرم عائد ہونے کے بعد عدالت میں گواہی دیں گے اور شواہد بھی عدالت میں پیش کریں گے ۔شاہد خاقان عباسدی کے وکلاءکو بھی یہ حق حاصل ہو گا کہ وہ شیخ رشید سے سوالات کر سکیں۔
یاد رہے کہ احتساب عدالت کے جج اعظم خان نے شاہد خاقان عباسی اور مفتاح اسماعیل کے خلاف ایل این جی ریفرنس میں آئندہ سماعت پر تمام ملزمان کو طلب کرتے ہوئے سماعت 6 جنوری تک ملتوی کر دی تھی ۔