پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن فائیو کی افتتاحی تقریب کا انعقاد ایک نئی کمپنی کرے گی کیونکہ ابتدائی چاروں ایڈیشنز میں یہ ذمے داری نبھانے والا ادارہ نیا کنٹریکٹ حاصل نہیں کرپایا،ایونٹ کا شیڈول تاحال فائنل نہیں ہوا البتہ 20فروری کو کراچی میں تقریب کے انعقاد کی تجویززیرغور ہے۔
پی ایس ایل کا پانچواں ایڈیشن آئندہ برس فروری میں شروع ہوگا، ایونٹ کے انعقاد میں اب صرف 2ماہ باقی ہیں البتہ حیران کن طور پر تاحال ابھی تک حتمی شیڈول تیار نہیں کیا جا سکا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے اس بار تمام میچز پاکستان میں کرانے کا اعلان کیا ہے جس کے باعث کراچی اور لاہور کے علاوہ راولپنڈی اور ملتان میں بھی میچوں کے انعقاد کا فیصلہ کیا جا چکا ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ افتتاحی تقریب 20 فروری کو نیشنل سٹیڈیم کراچی میں منعقد کرانے کی تجویز ہے جس کی ذمے داریاں نئی کمپنیاں نبھائے گی۔
اس سے قبل آئی ٹی ڈبلیو ٹرانس گروپ نے گزشتہ چاروں ایونٹس کی تقریب سجائی تھی تاہم اس بارجلال اینڈ ستی نامی کمپنی کو یہ ذمہ داری سونپی گئی ہے جسے فنکاروں کے انتخاب سمیت تمام منصوبہ بندی اور پھر تقریب کا انعقاد بھی کرنا ہوگا۔