وفاقی کابینہ نے آرمی ایکٹ میں ترمیم کی منظوری دیدی،آرمی ایکٹ منظوری کیلیے پارلیمنٹ میں پیش کیا جائے گا۔
وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا ہنگامی اجلاس ہوا جس میں آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع سے متعلق بل کا مسودہ پیش کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق تمام کابینہ اراکین کو اجلاس میں شرکت یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی تھی تاہم کابینہ اراکین کو ہنگامی اجلاس کے ایجنڈے سے آگاہ نہیں کیا گیا تھا، اجلاس میں آرمی چیف قمر جاوید باجوہ کی مدت ملازمت میں توسیع سے متعلق بل کا مسودہ پیش کیا گیا ہے،وزارت دفاع اور وزارت قانون نے ترمیم کا مسودہ تیار کیاتھا۔
اجلاس میں آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع سے متعلق بل پر تفصیلی مشاورت ہوئی ،ذرائع کا کہنا ہے کہ وفاقی کابینہ نے آرمی ایکٹ میں ترمیم کی منظوری دیدی،آرمی ایکٹ منظوری کیلیے پارلیمنٹ میں پیش کیا جائے گا۔
علاوہ ازیں وزیراعظم نے آج ہی قیمتوں پرکنٹرول سے متعلق اجلاس بھی طلب کرلیا ہے جس میں خیبر پختون خوا اور پنجاب کے وزرائے اعلی شرکت کریں گے۔
اجلاس میں قیمتوں میں کمی سے متعلق صوبائی حکومتوں کے اقدامات کا جائزہ لیاجائے گا اور صوبائی حکام صوبائی اقدامات پر بریفنگ دیں گے جبکہ قیمتوں پرکنٹرول سے متعلق ٹاسک فورس کی رپورٹ بھی پیش کی جائے گی۔
ادھر وزیراعظم عمران خان نے ینگ پارلیمنٹیرینز کا اجلاس بھی طلب کرلیا جس میں دونوں ایوانوں میں قانون سازی کے لئے موثر کردار پر بات چیت ہوگی۔
وزیراعظم نوجوان اراکین سینیٹ و قومی اسمبلی سے موجودہ ملکی سیاسی صورت حال پر مشاورت کریں گے اور انہیں پاکستانی نوجوانوں سے متعلق اہداف دیں گے۔