نِسان موٹرز کے سابق چیئرمین کارلوس غصن آلاتِ موسیقی کے ایک صندوق میں چھپ کر جاپان سے فرار ہو کر لبنان پہنچ گئے ۔
لبنان کے ایم ٹی وی نے بدھ کے روزاطلاع دی ہے کہ گلوکاروں اور موسیقی کاروں کا ایک دستہ جاپان میں کارلوس غصن کے مکان میں یہ کہہ کر داخل ہوا تھا کہ وہ ایک عشائیے کے دوران لوگوں کی تفریح طبع کے لیے اپنے فن کا جادو جگائے گا۔
تقریب کے بعد غصن موسیقی کے آلات کو رکھنے والے ایک صندوق میں چھپ گئے اور پھرایک مقامی ہوائی اڈے سے جاپان سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق نِسان موٹرزکے سابق چیئرمین کے لبنان میں پہنچنے کے کئی گھنٹے کے بعد جاپان سے ان کے فرار کی خبر منظرعام پر آئی تھی۔
بیروت میں متعیّن جاپانی سفیر کوان کی لبنان میں موجودگی کے بارے میں مطلع کردیا گیا ہے۔کارلوس غصن نے ایک بیان میں کہا ہے کہ میں اس وقت لبنان میں ہوں،میں اب جاپان کے آلودہ عدالتی نظام کا یرغمالی نہیں رہوں گا۔اس نظام میں گناہ کو فرض کیا جاتا ہے،امتیازی سلوک عام ہے اور بنیادی انسانی حقوق سے انکار کیا جاتا ہے۔
ان کا مزید کہنا ہے کہ میں انصاف سے فرار نہیں ہوا ہوں،میں نے ناانصافی اور سیاسی انتقام سے راہِ فرار اختیار کی ہے۔میں اب آزادانہ طور پر میڈیا سے ابلاغ کرسکتا ہوں اورآیندہ ہفتے نئی شروعات کرنے کی تیاری کررہا ہوں۔
ایم ٹی وی نے ایک سرکاری ذریعے کے حوالے سے یہ بھی اطلاع دی ہے کہ کارلوس غصن لبنان میں اپنے فرانسیسی پاسپورٹ پر قانونی طور پر داخل ہوئے ہیں اور حکام کے پاس انھیں ملک میں داخل ہونے سے روکنے کا کوئی جواز نہیں تھا۔یہ بیان غصن کے وکیل جونی چیرو ہیروناکا کے آج ہی اس سے پہلے جاپان میں دیے گئے بیانات سے متصادم ہے۔
واضح رہے کہ نِسان موٹرزکے سابق چیئرمین کے خلاف جاپان میں کمپنی میں بدعنوانیوں کے الزام میں مقدمہ چلایا جارہا ہے۔