پاکستان میں غیر قانونی طور پر داخلے اور سمندری حدود سے بغیر اجازت مچھلیاں پکڑنے کے الزام میں گرفتار 20 بھارتی ماہی گیروں کو آج ملیر ڈسٹرکٹ جیل لانڈھی سے رہا کر دیا گیا ہے، ان ماہی گیروں کو کل لاہور کے واہگہ بارڈر پر بھارتی حکام کے حوالے کیا جائے گا۔
ملیر ڈسٹرکٹ جیل لانڈھی کے سپریٹنڈنٹ اورنگزیب خان کے مطابق لانڈھی جیل میں اس وقت 237 بھارتی ماہی گیر قید تھے۔
حکومت پاکستان کے جذبہ خیر سگالی کے تحت جن 20 ماہی گیروں کو رِہا کیا گیا ہے، یہ بھارتی ماہی گیر ایک سال سے زائد عرصے سے جیل میں قید تھے۔
ان کی رہائی کے بعد مزید 217 بھارتی ماہی گیروں کے علاوہ پاکستان میں غیر قانونی طور پر قیام کے الزام میں گرفتار برمی، افغانی اور بنگلہ دیشی شہریوں کی بڑی تعداد بھی قید ہے۔
اورنگزیب خان کے مطابق کراچی کی ملیر ڈسٹرکٹ جیل لانڈھی میں قید 20 بھارتی ماہی گیروں کو آج سہہ پہر رہائی کے بعد جیل پولیس کی نگرانی میں ایدھی فاؤنڈیشن کے تعاون سے کراچی کینٹ ریلوے اسٹیشن پہنچایا گیا جہاں سے انہیں لاہورروانہ کردیا گیا۔