سابق وزارت دفاع اور خارجہ جیسے اہم دفاتر چلانے والے خواجہ آصف نے انکشاف کیا ہے کہ امریکی حملے میں مارے جانے والے ایرانی جنرل قاسم سلیمانی نے پاکستان میں ایس ایس جی کمانڈو کی ٹریننگ حاصل کی تھی۔
قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ ایران کے ساتھ برصغیرکے اس خطے جو اب پاکستان بن چکا ہے کا تعلق ہزاروں سال پرانا ہے۔ خواجہ آصف نے کہا کہ انہوں نے سوشل میڈیا پر پڑھا ہے کہ جنرل قاسم سلیمانی ہمارے ہاں 1989 میں ایس ایس جی کی ٹریننگ لے کرگئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایک وقت تھا کہ ہمارے تعلقات ایسے تھے کہ ہم اسے یہاں بلا کر ٹریننگ دیتے تھے لیکن اب حالات یہ ہیں کہ ہمارا میڈیا انہیں شہید بھی نہیں کہہ رہا بلکہ ہلاک کا لفظ استعمال کیا جارہا ہے، ہم اپنی خود مختاری بیچ کرکس کو خوش کرر ہے ہیں؟۔
خیال رہے کہ 3 جنوری کو امریکہ نے بغداد ایئر پورٹ پر ڈرون حملہ کرکے ایران کی پاسداران انقلاب کی ذیلی تنظیم قدس فورس کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل قاسم سلیمانی کو قتل کردیا تھا۔