ایرانی پاسداران انقلاب کے سینئر کمانڈر کا کہنا ہےکہ عراق میں امریکی فوجی اڈوں پر میزائل مارنے کا مقصد کسی کو قتل کرنا نہیں تھا۔
عرب خبر رساں ادارے کے مطابق ایران کے سینئر کمانڈرامیرعلی حاجی زادہ نے سرکاری ٹی وی سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ عراق میں امریکی اڈوں پرایران کے میزائل حملوں کا مقصد کسی کو قتل کرنا نہیں تھا بلکہ امریکا کی فوجی مشینری کو نشانہ بنایا تھا۔
انہوں نے کہا کہ عراق میں امریکی فوجی اڈوں پرایران کے میزائل حملے خطے میں امریکی اہداف کو نشانہ بنانے کے ایک تسلسل کا آغاز ہیں۔
ایرانی کمانڈر کا کہنا تھا کہ جنرل قاسم سلیمانی کے قتل پرامریکا سے مناسب انتقام مشرق وسطیٰ سے امریکی افواج کو نکالنا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایران کے سیکڑوں میزائل تیار تھے اور جب تہران نے امریکا پر میزائل داغے تو اس نے امریکی جہاز اور ڈرون سسٹم کو ناکام بنانے کے لیے سائبر حملہ بھی کیا۔