کراچی میں بوندا باندی کاآغازہوگیا ہے، شہر کے مختلف علاقوں میں بوندا باندی کے ساتھ تیزا ہوائیں بھی چل رہی ہیں جس سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں سائبیرین ہواﺅں کا راج ہے، شہر میں 25 سے 35 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے شمال مشرقی ہوائیں چل رہی ہیں۔یخ بستہ ہواﺅں کے باعث سرد موسم کی شدت میں اضافہ ہوگیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آج شہر کا کم سے کم درجہ حرارت 14 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔کراچی میں آج مطلع جزوی ابر آلود ہے جبکہ شروع ہونے والی بوندا باندی بارش میں تبدیل ہو سکتی ہے جس سے سردی کی شدت میں اضافہ ہو جائے گا۔
ترجمان محکمہ موسمیات کے مطابق بارش ہونے کے 12سے 18 گھنٹے بعد سردی کی ایک نئی لہرشہر کا رخ کرسکتی ہے، 13جنوری سے شروع ہونے والی سردی کی لہر22 جنوری تک جاری رہ سکتی ہے۔
سردی کی یہ نئی لہر کراچی سمیت سندھ اور بلوچستان کو متاثر کرے گی، 15 اور17 جنوری کی رات کراچی کا درجہ حرارت 5 سے 6 ڈگری سینٹی گریڈ تک گر سکتا ہے، جس کے دوران معمول سے تیز ہوائیں چلنے کی توقع ہے۔