آخری وکٹ کی شراکت میں 99 رنزکے باوجود تیسرے ٹیسٹ میں انگلینڈ نے جنوبی افریقا کو ایک اننگز اور53 رنز سے ہرا کر سیریز میں دو ۔ایک کی برتری حاصل کرلی۔
پورٹ ایلزبتھ میں ٹیسٹ کے آخری دن انگلینڈ کو فتح کے لیے چار وکٹیں درکار تھیں، جنوبی افریقا نے 106 رنز چھ کھلاڑی آؤٹ پر اننگز شروع کی لیکن پوری ٹیم 237 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔
فلینڈر 13 اور مہاراج 5 رنز کے ساتھ میدان میں اترے لیکن فلینڈر اسکور میں کسی بھی رن کا اضافہ کیے بغیر پویلین لوٹ گئے۔
اس کے بعد کاگیسو ربادا 16 اورآرنچ نورٹیج 5 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔ ایسے میں مہاراج اورکیریئر کاپہلا ٹیسٹ کھیلنے والے ڈین پیٹرسن نے جم کر بیٹنگ کی اورآخری وکٹ کی شراکت میں 99 رنز جوڑ کر ٹیم کا اسکور 237 تک پہنچا دیا۔
انگلینڈ کی پہلی اننگز کا خسارہ پورا کرنے کے لیے میزبان ٹیم کو ابھی مزید 53 رنز درکار تھے کہ 71 کے انفرادی اسکور پر مہاراج بدقسمتی سے رن آؤٹ ہوگئے۔ یوں انگلینڈ نے یہ ٹیسٹ اننگزاور53 رنز سے اپنے نام کرکے چار میچوں کی سیریز میں دو۔ایک کی برتری حاصل کرلی۔