بھارتی ریاست مغربی بنگال کے شہر مرشد آباد کے علاقے جلنگی میں متنازع شہریت قانون کیخلاف احتجاجی مظاہرے کے دوران فائرنگ سے دوافراد ہلاک اور3 دیگر زخمی ہو گئے،ایک ہلاک شخص کے جسم پرگولیوں کے نشان ملے ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ہلاک ہونے والے افراد کی شناخت انارول بسواس (55) سال کی حیثیت سے کی گئی ہے ، جو موقع پر ہی دم توڑگئے تھے ،اور صلاح الدین شیخ (17)سال جو اسپتال جاتے ہوئے دم توڑ گئے۔ تینوں زخمیوں کو اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔
بھارتی میڈای کے مطابق یہ واقعہ مغربی بنگال میں مرشد آباد ضلع کے جلنگی پولیس اسٹیشن کے علاقے میں صحابی نگر مارکیٹ کے قریب پیش آیا۔
مظاہرین کا کہنا ہے کہ حملہ آور کا تعلق ترنمول کانگریس (ٹی ایم سی) سے تھا لیکن حکمراں جماعت نے واقعے میں کسی بھی کردار سے انکارکیا ہے۔
دوسری جانب سرسوتی پوجا کی تقریبات کے سبب کانگریس اور سی پی آئی (ایم) نے مشترکہ طورپراس احتجاج کی مخالفت کی تھی۔ترنمول کانگریس (ٹی ایم سی) کے رکن اسمبلی عبدالرزاق نے کہا کہ ‘بند’ کے حامی منگل کی رات سے ہی اعلان کر رہے تھے کہ آج علاقے میں سب کچھ بند رہے گا۔
واضع رہے کہ مغربی بنگال کی وزیراعلی ممتا بنرجی نے حال ہی میں ریاست میں پرتشدد مظاہروں میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی کا انتباہ دیا تھا۔