ایران نے امریکی دبائو کے باوجود جوہری توانائی کے پروگرام کو مزید عزم کے ساتھ جاری رکھنے کا اعلان کردیا۔
تہران ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق ایران کی ایٹمی توانائی کے ادارے(اے ای او آئی)کے ترجمان بہروز کمال واندی نے کہاہے کہ امریکہ نے اے ای او آئی کے سربراہ علی اکبر صالحی پر پابندیاں لگا کر نفسیاتی ماحول بنانے کی کوشش کی ہے تاہم حقیقت میں اسے کوئی کامیابی نہیں ملے گی۔
انہوں نے صالحی پر پابندیوں کو فضول اور غیرموثر قرار دیا۔کمال واندی نے مزید کہاکہ کسی ملک کے اقدامات یا پالیسی کی وجہ سے ایران کا ایٹمی پروگرام متاثر نہیں ہوگا، ہم وہی کریں گے جو ملک کے فائدے میں ہوگا۔
امریکہ کے محکمہ خزانہ نے جمعرات کے روز واشنگٹن کی جانب سے اے ای او آئی اور اس کے سربراہ پر پابندیاں عائد کرنے کا اعلان کیا تھا۔