پاک سر زمین پارٹی (پی ایس پی) کے سربراہ مصطفیٰ کمال کہتے ہیں کہ اس حکومت کا جوغرور و تکبر ہے، اس نے ماضی کے تمام ریکارڈ توڑ دیے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پی ایس پی مصطفیٰ کمال نے کہا کہ آپ کراچی سے کھلواڑ کر رہے ہیں، کام کرنے کے لیے راتوں کو جاگنا پڑتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ حکومت نا اہل ہے، ان میں مسائل کو سمجھنے کی اہلیت اور صلاحیت ہی نہیں، حل تو دور کی بات ہے۔
سربراہ پی ایس پی نے کہا کہ وزراء جو گل کِھلا رہے ہیں وہ سونے پہ سہاگہ ہے، ایک وزیر آئے تھے کراچی کی صفائی مہم چلانے۔
انہوں نے کہا کہ وہ وزیر سمجھے تھے کہ ٹوئٹر اکاؤنٹ سے کچرا صاف ہوجائے گا، ایسا لگ رہا تھا کہ دو ڈھائی ہزار ٹوئٹ سے کراچی کا کچرا صاف ہو جائے گا۔
مصطفیٰ کمال نے مزید کہا کہ جو کچھ ہو رہا ہے وہ عوام کی خاموشی کے باعث ہو رہا ہے، آج لاڑکانہ، کشمیر، گلگت بلتستان میں لوگ ہمارے ساتھ کھڑے ہو رہے ہیں۔