پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ انہیں سپریم کورٹ بے گناہ قرار دے چکی ہے ۔ تحفظات بھی ہیں تاہم پھر بھی وہ نیب کے سامنے پیش ہوئے۔ انہوں نے کہاکہ اگرانہیں گرفتارکیاگیاتوان کی بہن آصفہ بھٹوان کی آواز بنیں گی اورپیپلز پارٹی کی تحریک چلائیں گی۔
راولپنڈی میں نیب کے سامنے پیش ہونے کے بعد میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا ہے کہ نیب اور حکومت ان کے خلاف انتقامی کارروائی کررہی ہے۔مئی سے جنوری تک نیب کو میرے اوپر کوئی اعتراض نہیں لیکن جیسے ہی مہنگائی، بے روزگاری اور ملکی مسائل پراحتجاج کا اعلان کیا تواچانک نیب کومیں یادآگیا جس کے بعد سے نیب کی جانب سے باربارہراساں کیا جارہاہے۔
انہوں نے کہا کہ عدالت مجھے بے گناہ قرار دے چکی ہے۔چیف جسٹس پاکستان کہہ چکے ہیں کہ بلاول بے گناہ ہے۔ تین دفعہ نیب کو بھی جواب دے چکا ہوں۔ تاہم دوبارہ بلانے پرتحفظات کے باوجود پھر بھی میں پیش ہواہوں، لیکن سیاسی انتقام کے خلاف اپنی آواز ہمیشہ بلند کرتے رہیں گے۔
انہوں نے کہا کہ نیب کا کیا تک بنتا ہے کہ وہ مجھے بار بار بلائے اور سوالات کرے حالانکہ میں تمام سوالوں کا جواب دے چکا ہوں۔ بتاچکا ہوں کہ میں کسی بھی کاروبار سے باقاعدہ وابستہ ہوں ہی نہیں۔بہرحال ادارے غلط کریں یا صحیح ان کا احترام کرتے ہیں البتہ دبائو کے باوجود پیچھے نہیں ہٹیں گے۔
انہوں نے کہا کہ شہباز شریف کے پارلیمان میں موجود نہ ہونے سے ویسے ہی مسائل ہوتے ہیں جیسے لیڈر آف دی ہاوس کے نہ ہونے سے ہوتے ہیں ۔امید کرتاہوں اپوزیشن لیڈر جلد ملک میں ہوں گے۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اگرمیں گرفتار ہوا تو بھی پیپلز پارٹی اپنے مشن پرکاربند رہے گی۔ میں گرفتار ہوا تو میری آوازآصفہ بھٹو بنیں گی اور پارٹی کی تحریک چلائیں گی۔