بھارتی جاسوس کی تیسری قونصلر رسائی پر بھارت کا تاحال جواب نہیں آیا،فائل فوٹو
بھارتی جاسوس کی تیسری قونصلر رسائی پر بھارت کا تاحال جواب نہیں آیا،فائل فوٹو

ٹرمپ کی کشمیرپرثالثی کی پیشکش پرعمل درآمد چاہتے ہیں۔ پاکستان

 ترجمان دفتر خارجہ عائشہ فاروقی نے کہنا ہے کہ امریکی صدر نے ایک سے زائد مرتبہ کشمیرپرثالثی کی پیش کش کی اور ہم اس پرعمل درآمد چاہتے ہیں۔

دفتر خارجہ اسلام آباد میں ہفتہ وار پریس بریفنگ کے دوران عائشہ فاروقی نے کہا کہ بھارتی اقدامات خطے میں امن و سلامتی کے مسائل پیدا کر رہے ہیں، بھارت اندرون ملک صورتحال سے توجہ ہٹانے کے لیے سرحدوں پر حالات خراب کررہا ہے، بھارت 2003 کے جنگ بندی معاہدے کی مسلسل خلاف ورزی کر رہا ہے، بھارت نے رواں سال 272 مرتبہ کنٹرول لائن کی خلاف ورزی کی، بھارت کے ناظم الامور کو 8 اور 10 فروری کو طلب کرکے احتجاج کیا۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ بھارت نے 6 ماہ سے کشمیرکو یرغمال بنایا ہوا ہے، کشمیر کے دنیا سے رابطے بدستور منقطع ہیں، پاکستان کشمیری عوام کی سفارتی سیاسی اوراخلاقی حمایت جاری رکھے گا، امریکی صدر نے ایک سے زائد مرتبہ کشمیر پرثالثی کی پیش کش کی، ہم اس پرعمل درآمد چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ترک صدر رجب طیب اردگان 2 روزہ دورہ کر رہے ہیں، دورے میں ترک اراکین پارلیمان اور سرمایہ کار شامل ہیں۔ ترک صدر14 فروری کو پارلیمانی اجلاس سے خطاب کریں گے جبکہ وہ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور وزیراعظم عمران خان سے ملاقاتیں بھی کریں گے۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل 16 فروری کو پاکستان کا دورہ کریں گے، اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل لاہور کا دورہ بھی کریں گے جبکہ گوردوارہ کرتار پور صاحب بھی جائیں گے۔