زخمی اورجاں بحق ہونے والوں کا تعلق دو خاندانوں سے ہے۔فائل فوٹو
زخمی اورجاں بحق ہونے والوں کا تعلق دو خاندانوں سے ہے۔فائل فوٹو

امریکی ڈرون حملے میں9افغان شہری جاں بحق

افغانستان کے صوبے ننگرہار میں امریکی ڈرون نے شہری علاقے کو نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں بچوں سمیت 9 شہری جاں بحق ہوگئے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق افغانستان کے صوبے ننگرہارکے علاقے کاکاراک میں امریکی فوجی نے ڈرون حملہ کیا جس کی زد میں مقامی بازار سے شاپنگ کرکے واپس آنے والے دو خاندان آگئے۔ حملے میں موقع پر ہی 6 افراد نے دم توڑ دیا جب کہ 3 افراد اسپتال میں دوران علاج چل بسے۔

حملے میں دو گاڑیوں کو نشانہ بنایا گیا جس میں 5 افراد زخمی بھی ہوئے، زخمی اورہلاک ہونے والوں کا تعلق دو خاندانوں سے ہے اورجاں بحق ہونے والوں میں بچے اورخواتین بھی شامل ہیں تاہم ہلاک اورزخمی ہونے والوں کی شناخت نہیں ہوسکی ہے۔

افغان وزارت دفاع نے شہریوں کی ہلاکتوں کا اعتراف کرتے ہوئے بتایا کہ صوبے ننگرہارکے مختلف علاقوں میں چوبیس گھنٹے کے دوران 5 فضائی کارروائیاں کی گئی ہیں جس میں سے ایک کارروائی میں 6 دہشت گرد بھی مارے گئے تاہم کاکاراک میں شہریوں کے جانی نقصان کی بھی اطلاع ہے جس کی تحقیقات کی جائے گی۔

واضح رہے کہ پینٹاگون کی جانب سے جاری بیان میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ امریکا اورطالبان کے درمیان ایک ہفتے کے لیے ایک دوسرے پر حملے نہ کرنے پراتفاق کرلیا گیا ہے تاہم اس کے باوجود گزشتہ روز ایک مدرسے میں بم دھماکا ہوا تھا اورآج فضائی کارروائی میں 9 شہری لقمہ اجل بن گئے۔