کبڈی ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں پاکستان نے ایران کو شکست دے دی، فائنل میچ اب روایتی حریفوں پاکستان اور بھارت کے درمیان آج کھیلا جائےگا۔
پنجاب اسٹیڈیم لاہور میں جاری کبڈی کے سیمی فائنل میں پاکستان نے ایران کو30 کے مقابلے میں 52 پوائنٹس سے شکست دی جب کہ بھارت نے آسٹریلیا کو 32 کے مقابلے میں 42 پوائنٹس سے ہرایا۔ پاکستان نے ایران کے خلاف زبردست پرفارمنس دیتے ہوئے برتری ثابت کی۔
اف ٹائم پر پاکستان کو17 کے مقابلے میں 29 پوائنٹس کی سبقت تھی۔ پاکستان کی جانب سے کپتان عرفان مانا، شفیق چشی، ملک بن یامین، مشرف جنجوعہ، وقاص بٹ، اکمل شہزاد ڈوگرنے ٹیم کو کامیابی دلانے میں اہم کردار اداکیا۔
قبل ازیں ایک اور سیمی فائنل بھارت اورآسٹریلیا کے درمیان کھیلا گیا جس میں بھارتی کھلاڑیوں نے بہترین کھیل پیش کیا۔ ہاف ٹائم پر بھارت کو 14 کے مقابلے میں 28 پوائنٹس کی سبقت حاصل تھی۔
اسٹیڈیم میں موجود تماشایوں کی بڑی تعداد نے دونوں ٹیموں کو عمدہ کھیل پر بھرپور داد دی۔ دوسرے ہاف میں بھی بھارتی ٹیم نے خوب دائو پیچ لگائے اور مدِمقابل ٹیم پرغلبہ برقرار رکھا۔
فائنل جیتنے والی ٹیم کو ٹرافی کے ساتھ ایک کروڑ روپے انعام دیا جائے گا جب کہ رنراپ کو 75 لاکھ روپے دیے جائیں گے۔اتوارکو شیڈول فائنل میں وزیراعلیٰ پنجاب کی آمد متوقع ہے۔