بھارت میں بی جے پی سرکاری کی جانب سے مسلمانوں سے امتیازی سلوک کاسلسلہ جاری ہے، حکومتی تعصب سے مسلمان سیاستدان اور شاعر بھی محفوظ نہیں رہے ، حال ہی میں ایک مظاہرے میں شریک ہونے اور وہاں اپنے اشعار پیش کرنے پرضلعی مجسٹریٹ نے کانگریس کے مسلمان رہنما اوربھارت کے معروف شاعرعمران پرتاپ گڑھی کوایک کروڑ روپے سے زائد جرمانہ کردیا۔
بھارتی اخبارکے مطابق کانگریس لیڈراورشاعرعمران پرتاپ گڑھی کو مرادآباد کی عید گاہ میں ہونے والے ایک مظاہرے میں شرکت پرجرمانہ کیاگیا۔
جرمانے کا حکم سناتے ہوئے ضلعی مجسٹریٹ نے کہا کہ مظاہرے کے دوران ریپڈ ایکشن فورس اور صوبائی مسلح کانسٹیبلری کی کمپنیوں کو تعینات کیا گیا تھا جس پرتقریبا ساڑھے تیرہ لاکھ روپے یومیہ خرچ آتا ہے،اور چونکہ نوٹیفکیشن چھ فرور ی سے نافذ العمل تھا اس لیے ان تمام دنوں کا سرکاری خرچ عمران پرتاپ گڑھی سے وصول کیاجائے گا۔
نوٹی فکیشن کے مطابق عمران پرتاپ گڑھی کو ایک کروڑچارلاکھ آٹھ ہزار چھ سو ترانوے روپے (بھارتی) ادا کرنا ہوں گے۔
یاد رہے کہ بھارت بھرمیں مسلمان مخالف متعصب بل کیخلاف ملک بھرکی اقلیتیں سراپا احتجاج ہیں، مظاہروں میں لاکھوں مردو خواتین کی شرکت نے دنیا بھرمیں مودی حکومت کی کوششوں کو بے نقاب کیا ہے جس کیخلاف انڈیا کی مثبت خیالات کی حامل کمیونٹی بھی اپنی آوازبلند کرتی رہتی ہے تاہم مودی سرکار ان مظاہروں کو کچلنے کیلیے ہر بھونڈا ہتھکنڈا پنا رہی ہے۔