سابق وزیراعظم نوازشریف کے داماد اور مریم نوازکے شوہر کیپٹن (ر)صفدر کی ضمانت منسوخ کیے جانے کی درخواست پرلاہور ہائیکورٹ نے فیصلہ سنادیا۔ہائیکورٹ نے کیپٹن (ر) صفدرکی ضمانت منسوخی کی درخواست کو ناقابل سماعت قرار دیتے ہوئے مسترد کردیا ہے۔
لاہور ہائی کورٹ میں پنجاب حکومت کی جانب سے کیپٹن(ر)صفدر کی ضمانت منسوخی کی درخواست دائرکی گئی تھی جس پرجسٹس ملک شہزاد احمد خان نے سماعت کی۔
نجی ٹی وی کے مطابق ڈپٹی پراسیکیوٹرجنرل نے کیس کی سماعت ملتوی کرنے کی درخواست کی جس پر عدالت نے کہا نہیں ملتوی نہیں ہوگی ابھی بتائیں فیصلہ کردیتے ہیں، ابھی تک تواس میں نوٹس بھی نہیں ہوئے آپ دلائل دیں ہم اس کا فیصلہ کردیتے ہیں۔
اس دوران ڈپٹی پراسیکیوٹرجنرل نے دلائل دیئے کہ کیپٹن صفدرنے سیشن کورٹ میں ریاستی اداروں کیخلاف بات کی، ان کی میڈیا سے گفتگوقابل اعتراض ہے، جس پر عدالت نے کہاآپ کہتے ہیں کیپٹن (ر)صفدر نے حکومت کے خلاف احتجاج کیا ، حکومت خودبھی احتجاج کرتی رہی کیا اس کے خلاف بھی پرچہ دیناچاہئے۔
ڈپٹی پراسیکیوٹرجنرل نے مزید کہا کہ احتجاج پر اعتراض نہیں مگر قانونی دائرہ کار میں رہ کر کیا جانا چاہئے، سرکاری وکیل کا کہنا تھاکہ کیپٹن صفدر نے مریم کی پیشی پر پولیس اہلکاروں سے ہاتھا پائی بھی کی۔