سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ انتونیوگوتریس نے کرتارپورکا دورہ کیا جہاں ان کا وفاقی وزیر مذہبی امور نورالحق قادری اور سکھ گردوارہ پربندھک کمیٹی کے پردھان نے استقبال کیا۔
سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ کو اس موقع پرکرتارپورکے حوالے سے خصوصی بریفنگ دی گئی جس میں سکھ برادری کے مقدس مقام کی تاریخی اہمیت سے آگاہ کیا گیا، انہیں کرتارپورکمپلیکس کے مختلف حصوں کا معائنہ بھی کروایا گیا جس میں انہوں نے خصوصی دلچسپی لی۔
انتونیو گوتریس کو حکومت پاکستان کی جانب سے کرتارپور راہداری کے توسیعی منصوبے سے متعلق بھی تفصیلی آگاہ کیا گیا جس میں بھارت کی جانب سے روڑے اٹکائے جانے کے باوجود سکھ برادری کو بآسانی رسائی فراہم کرنے کی پاکستانی کوششوں کے بارے میں بتایا گیا۔
گوردوارہ دربارصاحب کرتارپورمیں مذہبی ہم آہنگی کی نئی مثال قائم ہو گئی جب سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ انتونیو گوتریس، وزیرمذہبی اموراورسکھ برادری ایک ہی دستر خوان پراکٹھے ہو گئے،مختلف مذاہب کے ماننے والوں نے ایک ہی دسترخوان پر کھاناکھایا۔
سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ نے اس سے قبل لاہور میں نجی یونیورسٹی کا دورہ کیا جہاں21 ویں صدی میں نوجوانوں کے اقوام متحدہ میں کردارکے موضوع پر خطاب کیا، انہوں نے ایک مقامی اسکول کا بھی دورہ کیا جہاں بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے۔ انتونیو گوتریس آج لاہور کے تاریخی شاہی قلعے اوربادشاہی مسجد بھی جائیں گے۔