فائل فوٹو
فائل فوٹو

عمر اکمل کیلیے نئی پریشانی

پی ایس ایل 5میں شریک کھلاڑیوں کو 70 فیصد معاوضوں کی ادائیگی کردی گئی جب کہ اینٹی کرپشن کوڈ کے تحت معطل عمر اکمل سے پاکستان کرکٹ بورڈ نے چیک واپس مانگ لیا ہے۔

کے مطابق پاکستان سپر لیگ غیر ملکی کرکٹرز میں اس لیے بھی مقبول ہے کہ کبھی معاوضوں کے معاملے میں تاخیر نہیں کی گئی،اس بار بھی سب کو معاہدے کے تحت 70 فیصد رقم ادا کر دی گئی، طے شدہ طریقہ کار کے تحت پی سی بی ادائیگیاں کرتا ہے جنھیں بعد ازاں فرنچائزز کے ریونیو شیئر سے منہا کر لیا جاتا ہے۔

پی ایس ایل 5کے آغاز سے قبل اینٹی کرپشن کوڈ کی خلاف ورزی پر معطل عمراکمل کا چیک روک لیا گیا،اس حوالے سے رابطے پرپی سی بی کے ترجمان نے تصدیق کرتے ہوئے کہاکہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرزکے بیٹسمین کی رقم روک لی گئی ہے، اگر انھیں پہلے ہی معاوضہ مل چکا تو ہم واپسی کا کہہ سکتے ہیں، ہر معاہدے میں یہ شق شامل ہوتی ہے۔

ایک کھلاڑی نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ 70 فیصد رقم کا چیک ہمیں موصول ہوچکا، بقیہ 30 فیصد رقم ایونٹ کے بعد ملے گی۔ انھوں نے کہا کہ پی ایس ایل کا یہ پانچواں ایڈیشن ہے اوراب تک کبھی ایسا نہیں ہوا کہ کسی کھلاڑی کو معاوضے کی ادائیگی میں تاخیر ہوئی ہو، اسی لیے غیرملکی کرکٹرزاس میں شرکت کوترجیح دیتے ہیں۔

ذرائع نے بتایا کہ اس بار چونکہ مکمل لیگ پاکستان میں ہو رہی ہے اس لیے مقامی کھلاڑیوں کو ڈالرزکے بجائے روپے میں ادائیگی ہوئی، البتہ چونکہ ان سے معاہدہ ڈالرز میں ہوا لہذا ڈرافٹ کے دن والے ڈالر ریٹ کی مناسبت سے رقم دی گئی، انھیں کوئی فرق نہیں پڑا ہوگا۔