نیب ان ایکشن،آصف زرداری،نواز شریف اوریوسف رضا گیلانی کے خلاف ایک اورریفرنس دائرکردیا۔
نیب نے چئیرمین جسٹس (ر) جاوید اقبال کے دستخط کے بعد سابق صدر آصف زرداری، سابق وزیراعظم نواز شریف اور یوسف رضا گیلانی کے خلاف توشہ خانہ ریفرنس دائرکردیا۔
ریفرنس میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ آصف زرداری اورنواز شریف نے یوسف رضا گیلانی سے غیر قانونی طور پرگاڑیاں حاصل کیں۔
ملزمان نیب آرڈیننس کی سیکشن نائن اے کی ذیلی دفعہ 2، 4،7 اور 12 کے تحت کرپشن کے مرتکب ہوئے ہیں،ملزمان کا قانون کے مطابق ٹرائل کر کے سخت سزا سنائی جائے۔
ریفرنس میں آصف زرداری پرالزام عائد کیا گیا ہے کہ آصف زرداری کو بطور صدر لیبیا اور یو اے ای سے گاڑیاں تحفے میں ملیں، آصف زرداری نے گاڑیاں توشہ خانہ میں جمع کرانے کے بجائے خود استعمال کیں، انہوں نے گاڑیوں کی صرف 15 فیصد ادائیگی انور مجید اورعبدالغنی مجید کے ذریعے ادا کی۔
انور مجید نے انصاری شوگر ملزکے اکاؤنٹس کا استعمال کر کے 2 کروڑ سے زائد کی غیر قانونی ٹرانزیکشنز کیں، ملزم نے آصف زرداری کے اکاؤنٹس میں بھی 9.2 ملین روپے ٹرانسفر کیے،عبدالغنی مجید نے 37 ملین روپے کسٹم کلیکٹر اسلام آباد کو ٹرانسفر کیے۔
نیب نے ریفرنس میں نواز شریف پرالزام عائد کیاہے کہ نواز شریف 2008 میں کسی بھی عہدے پرنہیں تھے،انہیں 2008 میں بغیر کوئی درخواست دیے توشہ خانے سے گاڑی دی گئی۔