تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی اسلم خان نے میئر کراچی وسیم اختر پر ایک کروڑ روپے مانگنے کا الزام عائد کیا ہے۔
اسلم خان کا کہنا ہے کہ انھوں نے میئر کراچی وسیم اختر کے خلاف درخواست ایس ایس پی جنوبی کو دے دی ہے۔ایم این اے نے درخواست میں موقف اختیار کیا ہے کہ میئر کراچی وسیم اختر نے اپنے بیٹے کے ذریعے انھیں گھر بلاکرایک کروڑ روپے مانگے۔
درخواست میں اسلم خان نے کہا کہ انھوں نے اپنے خرچے سے 10،11 اور12 جنوری کو کراچی ایٹ فیسٹیول کیا،13 جنوری کو میئر کراچی نے اپنی رہائشگاہ پر بلایا اورایک کروڑ کا تقاضہ کیا۔
اسلم خان نے وسیم اختر کی کال ریکارڈنگ کی موجودگی کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا کہ اپنے اور اہل خانہ کی جان کو خطرہ ہے کیونکہ وسیم اختر اپنے عہدے کی وجہ سے نقصان پہنچا سکتے ہیں۔
دوسری جانب اسلم خان کے الزامات کی تردید کرتے ہوئے وسیم اختر کا کہنا ہے کہ وہ اس شخص کو ذاتی طور پر نہیں جانتے، نہیں معلوم ان کے خلاف کیوں درخواست دی گئی ہے۔