کرونا سے6 مریض جاں بحق،6 صحت یاب ہوچکے ہیں۔فائل فوٹو
کرونا سے6 مریض جاں بحق،6 صحت یاب ہوچکے ہیں۔فائل فوٹو

کرونا وائرس۔مریضوں کی تعداد 805۔6ہلاک

ملک بھر میں کرونا وائرس کے تصدیق شدہ مریضوں کی تعداد 805 ہوگئی ہے،24 گھنٹوں‌ میں‌ مزید 3 ہلاکتوں‌ کے بعد مجموعی تعداد 6 ہو گئی۔

کرونا وائرس سے متعلق حکومتی ویب سائٹ کے اعداد و شمارکے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 27 مریضوں میں کرونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے جس کے بعد سندھ میں کرونا کے تصدیق شدہ مریضوں کی تعداد 352،پنجاب میں 228، بلوچستان میں 108، گلگت بلتستان میں 71، خیبر پختونخوا میں 31 جبکہ اسلام آباد میں 15 مریض موجود ہیں جبکہ 6 افراد صحت یاب ہوکراپنے گھروں کو جاچکے ہیں۔

سرکاری اعداد و شمارکے تحت گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا سے مزید 3 افراد جاں بحق ہوئے ہیں جس کے بعد ملک میں اس وبا سے ہلاکتوں کی تعداد6 ہوگئی ہے۔

بلوچستان میں کرونا وائرس کے کیسزکی تعداد108 ہوگئی ہے جبکہ رات  کو بلوچستان میں کرونا سے پہلی ہلاکت کی صوبائی حکومت کے ترجمان نے تصدیق کردی ۔

کراچی اور سکھر ایئرپورٹ بند

کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے پیش نظر سول ایوی ایشن اتھارٹی نے 24 مارچ سے کراچی اورسکھر ایئرپورٹ غیر معینہ مدت کے لیے بند کرنے کا اعلان کردیا۔

کورونا تیسرے فیز میں داخل

ماہرین کا کہنا ہے کہ پاکستان میں کرونا وائرس کس درجے ( کیٹگری )کا ہے ابھی حکومتی سطح پر تعین نہیں کیاجاسکا تاہم اس وقت ایشیائی ممالک میں ایران کوکرونا سے متاثرین کی فہرست میں سرفہرست دیکھا جارہا ہے۔

پاکستان میں کرونا کی کیٹگری 2 یعنی دوسرے درجہ دیا جارہا ہے جبکہ ابھی تک اس بات کا بھی تعین نہیں کیا جاسکا کہ پاکستان میں وائرس سے ہونے والی شرح اموات کا تناسب کتنا ہے اور پاکستان میں کتنی تیزی سے پھیل رہا ہے،آئندہ وائرس کے پھیلنے کی رفتارکیا ہو گی۔

پاکستانی عوام وائرس کی ممکنہ تباہ کاریوں سے بے خبر ہیں، پاکستان میں وائرس اب تیسرے فیز (مرحلے) میں داخل ہورہا ہے جس میں وائرس کی شدت میں بھی تیزی آجائے گی۔

سندھ میں لاک ڈاؤن 

کرونا کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے سندھ میں رات 12 بجے سے  لاک ڈاؤن شروع ہو گیا ہے جو کہ 15 روز تک جاری رہے گا۔ لاک ڈاؤن کو’’کئیر فار یو‘‘کا نام دیا گیا ہے، لاک ڈاؤن کے دوران انتہائی ضرورت کے سوا شہریوں کے گھروں سے نکلنے پر پابندی ہے۔ اشیائے صرف کی دکانیں اور میڈیکل اسٹورز کھلے ہیں۔

پنجاب کی فوج سے مدد طلب

محکمہ داخلہ پنجاب نے باضابطہ طورپروفاق سے فوج کی مدد طلب کرلی،وفاق کو بھجوائے گئے مراسلے میں کرونا وائرس سے ہیدا شدہ صورتحال کا ذکرکیا گیا ہے۔

مراسلے میں کہا گیا ہے کہ آرٹیکل 245 کے تحت سول انتظامیہ کی مدد کے پاک فوج کی مناسب تعداد مختص کی جائے۔