حکومت نے ریلیف پیکیج تیارکرلیا، 70 لاکھ دیہاڑی دار افراد کو ماہانہ 3 ہزار روپے دیے جائیں گے۔
نجی ٹی وی کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت حکومتی معاشی ٹیم کا اجلاس ہوا جس میں کرونا وائرس کے پھیلاؤ کے پیش نظر چاروں صوبوں میں لاک ڈاؤن کے بعد غریب شہریوں کو خوراک کی فراہمی سے متعلق حکمت عملی، بنیادی اشیائے ضروریہ کی خریداری کیلیے یوٹیلٹی اسٹورزاور فلاحی اداروں کو راشن کی خریداری پر ریلیف دینے پر بھی غورکیا گیا،جبکہ کرونا سے متاثرہ علاقوں میں مشترکہ ریلیف آپریشن سےمتعلق بھی بات چیت کی گئی۔
ذرائع کے مطابق کرونا وائرس کے پیش نظر وزیراعظم نے بڑے معاشی ریلیف پیکج کی منظوری دے دی اوراجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ 70 لاکھ دیہاڑی دار افراد کو3 ہزار روپے ماہانہ دیے جائیں گے، ایکسپورٹرزکے لیے 200 ارب روپے کا ریلیف پیکج بھی منظورکرلیا گیا۔
وزیراعظم نے ملکی صورت حال اورکرونا کے بڑھتے کیسز پر مسلسل نظر رکھنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ موجودہ صورت حال میں غریب اور پسے ہوئے طبقے پر نظر رکھیں، دہاڑی دار افراد کو مسائل نہیں ہونے چاہیے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کل تعمیراتی انڈسٹری کے لیے بھی ریلیف پیکج کا اعلان کریں گے اورتعمیراتی انڈسٹری کے لیے بڑا ٹیکس ریلیف دیا جائے گا۔