کرونا سے6 مریض جاں بحق،6 صحت یاب ہوچکے ہیں۔فائل فوٹو
کرونا سے6 مریض جاں بحق،6 صحت یاب ہوچکے ہیں۔فائل فوٹو

پاکستان میں کرونا مریضوں کی تعداد 918 ہوگئی

ملک بھر میں کرونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 918 ہوگئیجبکہ 7 مریض جاں بحق ہوچکے ہیں۔

کرونا وائرس سے متعلق حکومتی ویب سائٹ کے اعداد و شمار کے مطابق مزید 17 مریضوں میں کرونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے جس کے بعد ملک بھر میں کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 918 ہوگئی ہے۔

سندھ میں کرونا کے تصدیق شدہ مریضوں کی تعداد 407، پنجاب میں 267، بلوچستان میں 110، گلگت بلتستان میں 80، خیبر پختونخوا میں 38 جب کہ اسلام آباد میں 15 اورآزاد کشمیر میں ایک ہے۔

پنجاب میں کرونا وائرس سے پہلی ہلاکت رپورٹ ہوئی ہے جس کے بعد سرکاری اعداد و شمارکے تحت کرونا وائرس سے ملک میں ہلاکتوں کی تعداد 7 ہوگئی ہے جب کہ 6 افراد صحت یاب ہوکر اپنے گھروں کو جاچکے ہیں۔

وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے ٹوئٹ میں کرونا وائرس سے لاہور میں ایک مریض کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ کرونا وائرس کا لاہور میں ایک مریض چل بسا، 57 سالہ افراسیاب میواسپتال میں زیر علاج تھا تاہم آج افراسیاب مرض کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔

پاکستان میں کرونا وائرس سے اب تک 7 افراد جاں بحق جبکہ 6  صحت یاب ہوئے ہیں۔ جاں بحق ہونے والوں میں 3 کا تعلق پشاور،ایک کا کراچی،ایک کا بلوچستان،ایک کا گلگت بلتستان اورایک کا پنجاب سے ہے۔