کرونا وائرس کے سبب موجودہ لاک ڈاؤن کی صورتحال میں سندھ حکومت نے عوام تک مالی مدد اور راشن پہنچانے کے لیے کمیٹی تشکیل دیدی۔
وزیراعلیٰ سندھ مرادعلی شاہ کی جانب سے تشکیل کردہ کمیٹی میں صوبائی وزیرامتیاز شیخ، وزیراعلیٰ سندھ کےمعاون خصوصی وقارمہدی اوروزیراعلیٰ سندھ کے کوآرڈینیٹرحارث گزدر شامل ہیں۔
ترجمان وزیراعلیٰ کے مطابق مطابق کمیٹی طے کرے گی کہ راشن کہاں دیا جائے اورکہاں کیش ٹرانسفر کیا جائے۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ نے کمیٹی کو ہدایت کی ہے کہ بنیادی اشیا غریب عوام تک پہنچائی جائیں اور فلاحی تنظیمیں اپنے فلاحی کام جاری رکھیں۔
ترجمان نے بتایا کہ سندھ حکومت فلاحی تنظیموں سے مل کر کام شروع کر رہی ہے۔اس حوالے سے ہونے والے اجلاس میں وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ چاہتے ہیں کہ دہاڑی داراور مستحقین کی مدد ہو۔
انہوں نے بتایا کہ ہم ایک موبائل سروس شروع کر رہے ہیں جس کے تحت ایک نمبر ہم عوام کو دیں گے اورجس کو راشن چاہیے وہ اس نمبرپرایس ایم ایس کردے۔