کراچی کے علاقے سرجانی کی پولیس نے ایک کارروائی میں مفت راشن کے لیے فارم فروخت کرنے والے 4 جعل ساز گرفتارکرلیے۔
نجی ٹی وی کے مطابق سرجانی پولیس نے ان جعل سازوں کو گرفتارکرلیا ہے جو سرجانی میں غریب مکینوں سے مفت راشن کا جھانسا دے کر پیسے بٹور رہے تھے۔
ملزمان فرضی ویلفیئر ٹرسٹ کا فارم غریب افراد کو 50 روپے میں فروخت کر رہے تھے، پولیس نے ملزمان سے جعلی فارمز اور دھوکا دہی کا شکار ہونے والے 400 افراد کی فہرست بھی برآمد کرلی۔
ایس ایس پی ویسٹ کا کہنا تھا کہ ملزمان راہ نیکی ویلفیئر ٹرسٹ کے نام سے غریب گھرانوں سے پچاس روپے سے زیادہ رقم پر جعلی راشن فارم فروخت کر کے فراڈ کر رہے تھے۔
پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان میں علی نواز ولد منشی خان، حسن علی ولد علی محمد، حمزہ نواز ولد علی نواز، عبدالجبار ولد قربان علی شامل ہیں۔ ملزمان کے خلاف ایف آئی آر درج کر دی گئی ہے، اور مزید تفتیش کی جا رہی ہے۔
خیال ر ہے کہ گزشتہ روز نجی نیوز چینل نے خبر چلائی تھی کہ شہر میں سرگرم جعل سازوں نے سرجانی ٹائون میں بھوکے غریب عوام کو 50 روپے سے 200 روپے تک کے راشن ٹوکن بیچ کر تیسر ٹائون کے سیکڑوں مکینوں کو راشن کے نام پر چونا لگا دیا۔ علاقہ مکینوں نے جعل سازوں کی لوٹ مار کے خلاف سڑکوں پر نکل کر احتجاج بھی کیا تھا۔