برطانوی وزیراعظم بورس جانسن کی صحت کے حوالے سے تشویش ناک خبرآ گئی،کورونا وائرس کا شکار ہونے والے برطانوی وزیراعظم کو طبیعت کی خرابی پر ہسپتال منتقل کردیا گیا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق برطانوی وزیر اعظم کرونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آنے پر دس روز کے لیے قرنطینہ میں رہے اور حکومتی معاملات کو گھر بیٹھے ہی چلا رہے تھے تاہم دس روز قرنطینہ میں رہنے کے باوجود بورس جانسن میں کرونا کی علامات موجود تھیں اورانہیں مسلسل بخار تھا جس پرانہیں آج ہسپتال میں منتقل کر دیا گیا ہے ۔
اگرچہ سرکاری طور پر بورس جانسن ہی حکومت کے سربراہ ہیں تاہم آج(پیر کو) کرونا وائرس کے متعلق ہونے والے اجلاس کی صدارت سیکریٹری خارجہ کریں گے۔
دوسری طرف ڈاؤننگ سٹریٹ کی ترجمان نے سرکاری بیان میں کہا ہے کہ ڈاکٹرکے مشورے پر انہیں ٹیسٹس کے لیے ہسپتال داخل کیا گیا ہے،یہ احتیاطی اقدام ہے کیونکہ وزیراعظم بورس جانسن میں دس روز سے مستقل کرونا کی علامات موجود تھیں۔
واضح رہے کہ قرنطینہ ہونے کے بعد برطانوی وزیراعظم بورس جانسن نے خود ایک ویڈیو پیغام میں کرونا وائرس میں مبتلا ہونے کی تصدیق کی تھی ۔
یہ بھی یاد رہے کہ برطانوی وزیراعظم بورس جانسن کی حاملہ منگیتر کیری سائمنڈز بھی کرونا وائرس کا شکار ہو چکی ہیں اورانہوں نے خود ٹویٹ کرتے ہوئے کہا تھا کہ میری علامات بہت واضح ہیں مجھے ٹیسٹ کرانے کی ضرورت نہیں۔