ن لیگ کی جانب سے 19 جنوری کو الیکشن کمیشن کے باہر دھرنا دینے کا اعلان کیا گیا ہے۔فائل فوٹو
ن لیگ کی جانب سے 19 جنوری کو الیکشن کمیشن کے باہر دھرنا دینے کا اعلان کیا گیا ہے۔فائل فوٹو

عمران خان کے ہاتھ ہمیشہ دوسروں کی جیب میں ہوتے ہیں

مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ عمران خان کی تاریخ اُن کے ہاتھ دوسروں کی جیب میں ہونے سے بھری پڑی ہے۔

معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان کی جانب سے خود احتسابی سے متعلق دیے گئے بیان پر مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ خود احتسابی اسے کہتے ہیں کہ نوازشریف، شہبازشریف اور مسلم لیگ (ن) نے جھوٹے الزامات کے باوجود خود کو قانون کے حوالے کیا، کال کوٹھری اور سزائے موت کی بیرکوں میں رہ کر جھوٹے الزامات کا جواب دیا، اپنے بجائے اپنے اے ٹی ایم کو قانون کے حوالے کرنے کو خود احتسابی نہیں خود غرضی کہتے ہیں۔

مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ آٹے اورچینی چوری کے تمام فیصلوں پرعمران خان اورعثمان بزدارکے دستخط ہیں، روشن مثال قائم کرنی ہے تو عمران خان استعفی دیں اور احتساب کے کٹہرے میں کھڑے ہوں، عمران خان خود احتسابی کی بات تب کریں جب خود کواوربزدار صاحب کو قانون کے حوالے کریں، وہ بھی گرفتار ہوں اور سزائے موت کی کوٹھریوں میں رہ کراپنے فیصلوں کا جواب دیں۔

ترجمان (ن) لیگ نے کہا کہ عمران خان کی تاریخ اُن کے ہاتھ دوسروں کی جیب میں ہونےسے بھری پڑی ہے، عمران خان نے اپنے عمل سے ثابت کیا کہ وہ قانون سے بالاتر ہیں، جب شوگر مل والے گھر بنا کر دیں ، گاڑی خرید کر دیں ، پارٹی اور دھرنے کا خرچہ چلائیں تو اپنی شوگر مل لگانے کی کیا ضرورت؟ عمران خان کا مقصد عوام کے مفاد کا تحفظ ہوتا تو قلت ہوتے ہوئے چینی اورآٹے کی برآمد اور عوام کو مہنگا آٹا اور چینی فروخت کرنے کے فیصلے پر دستخط نہ کرتے۔