امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ چین نے اگر کورونا وائرس کا پھیلاؤ جان بوجھ کرکیا ہے تو پھر وہ نتائج کا سامنا کرنے کے لیے تیاررہے۔
غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق وائٹ ہاؤس میں پریس کانفرنس کے دوران امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کورونا وبا کے دنیا بھر میں پھیلاؤ سے متعلق چین کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ اگر کورونا وائرس کے پھیلاؤ کی ذمے داری چین پر ثابت ہوئی تو اسے نتائج کا سامنا کرنا پڑے گا۔
امریکی صدر کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس کو آغاز سے قبل ہی چین میں ہی روکا جاسکتا تھا لیکن ایسا نہیں کیا گیا اوراس وبا سے پوری دنیا متاثر ہورہی ہے، اب یہ چین کی غلطی تھی یا جان بوجھ کر ایسا کیا گیا البتہ اگریہ غلطی تھی اور چین سب کچھ جانتے ہوئے اس کا ذمے دار ہے تو اس کو نتائج بھگتنا پڑیں گے۔
اس سے قبل امریکی وزیرخارجہ سمیت دیگر حکام بھی کورونا وائرس کا ذمے دار چین کو قرار دے چکے ہیں اور اس حوالے سے تحقیقات کا بھی اعلان کیا تھا۔
واضح رہے امریکا میں کورونا وائرس سے متاثرین کی تعداد دنیا بھر میں سب سے زیادہ ہے جہاں اب تک 7 لاکھ 20 ہزار افراد متاثر اور37 ہزار سے زائد ہلاک ہوچکے ہیں۔