کراچی کے چھوٹے تاجروں نے یکم رمضان سے دکانیں کھولنے کا اعلان کردیا۔
سندھ تاجر اتحاد نے صوبائی حکومت کو ایس او پی تیار کرنے کے لیے دو روز کا وقت دے دیا اور کراچی کے چھوٹے تاجروں نے یکم رمضان سے دکانیں کھولنے کا بھی اعلان کردیا۔ سندھ تاجراتحاد کے چیئرمین جمیل پراچہ نے کہا کہ مذاکرات کا وقت ختم ہوگیا اب دکانیں کھولیں گے۔
سندھ تاجر اتحاد کے رہنما محمد رضوان نے کہا کہ حکومتی ایس او پی کا انتظار نہیں کیا جاسکتا، ایس او پی آئے نہ آئے یکم رمضان سے کاروبارکھول دیا جائے گا اوراگر حکومت نے دفعہ 144 نافذ کی تو دیکھا جائے گا۔ تاجر رہنماؤں نے جیل بھرو تحریک اورگرفتاریاں دینے کا بھی اعلان کردیا۔
دوسری جانب کمشنر کراچی کا کہنا ہے کہ حکومت سندھ کی اجازت کے بغیر کسی کو کاروبار کی اجاز ت نہیں ہے اور جو دکاندار حکومت سندھ کی اجازت کے بغیر کاروبار شروع کریں گے ان کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔
اس سے قبل صنعتکاروں کی جانب سے کراچی کے کاروبار، صنعتوں کے ساتھ امتیازی سلو ک پر احتجاج کیا گیا اور سندھ حکومت کی پالیسیوں پرکڑی تنقید کی گئی جب کہ ملک کے دیگر حصوں کی نسبت صرف کراچی میں سخت لاک ڈاؤن پر سوال بھی اٹھادیا۔