ایران نے ملک کا پہلا ملٹری سیٹلائٹ مدار پر بھیجنے کا کامیاب تجربہ کیا ہے جو سطح زمین سے 425 کلو میٹر کی دوری پر مدار میں چکر لگا رہا ہے۔
ایرانی میڈیا کے مطابق صحرائی علاقے سے قصد لانچرز کے ذریعے سطح زمین کے قریب مدار میں پہلا ملٹری سیٹلائٹ بھیجنے کا کامیاب تجربہ کیا گیا ہے۔ ’’نور‘‘ نامی ملٹری سیٹلائٹ کو پاسداران انقلاب نے مدار میں بھیجا اوراس موقع پراعلیٰ عہدیدار بھی موجود تھے۔ یہ ملک کا پہلا ملٹری سیٹلائٹ ہے جو مدار تک پہنچا۔
ادھر پاسداران انقلاب کی جانب سے جاری بیان میں سیٹلائٹ کی لانچنگ کو تاریخی کامیابی قرار دیتے کہا گیا ہے کہ نور سیٹلائٹ سطح زمین سے 425 کلومیٹراوپر مدار میں پہنچ چکا ہے اورکامیابی سے چکر لگا رہا ہے۔ امریکی جارحیت کو دیکھتے ہوئے سیٹلائٹ تجربہ ناگزیر ہوگیا تھا۔
دوسری جانب امریکا نے فوجی سیٹلائٹ کو مدار پر بھیجنے کو ایران کی اشتعال انگیزی اور اقوام متحدہ کی قرارداد کے منافی قرار دیتے ہوئے ایران کو باز رہنے کی دھمکی بھی دی جس پرامریکا اورایران کے درمیان کشیدگی میں اضافہ ہونے کا امکان ہے۔