ملک میں کورونا وائرس سے مزید 19 افراد جاں بحق ہوگئے جس کے بعد ہلاکتوں کی تعداد 610 ہوگئی جبکہ نئے کیسز سامنے آنے سے مصدقہ مریضوں کی تعداد 26435 تک جاپہنچی۔پاکستان میں کل 257،247 ٹیسٹ کیے گئے جبکہ 7530 مریض صحت یاب ہوگئے۔
اب تک سب سے زیادہ اموات خیبرپختونخوا میں سامنے آئی ہیں جہاں کورونا سے 209 افراد انتقال کرچکے ہیں جبکہ پنجاب میں 194 اور سندھ میں 176 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔
اس کے علاوہ بلوچستان میں 24، اسلام آباد 4 اورگلگت بلتستان میں 3 افراد مہلک وائرس کے باعث جاں بحق ہو چکے ہیں۔
ملک بھر سے آج کورونا کے مزید 1537کیسز اور 19 ہلاکتیں سامنے آئی ہیں جن میں سندھ سے 598 کیس،5 ہلاکتیں، پنجاب 838 کیسز 12 ہلاکتیں، بلوچستان 62 کیسز 2 ہلاکتیں، اسلام آباد 37 کیسز اورآزاد کشمیر سے 2 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔
سندھ
مراد علی شاہ نے بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 5532 ٹیسٹ کیے گئے جو پورے ملک کے کسی بھی صوبے میں سب سے زیادہ ٹیسٹ ہیں، ہماری ٹیسٹنگ صلاحیت 5600 ہوگئی ہے جس پر ہم نے 98 فیصد تک کام کیا ہے، اس طرح کل ٹیسٹوں کی تعداد 81640 ہوگئی ہے۔
وزیراعلیٰ کے مطابق صوبے میں کورونا کے کیسز کی مجموعی تعداد 9691 اور ہلاکتیں 176 ہوگئی ہیں۔
مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 87 افراد صحتیاب ہوئے جس سے صحتیاب ہونے والوں کی تعداد 1940 ہوگئی ہے۔
پنجاب
پنجاب سے اب تک کورونا کے مزید 838 کیسز اور 12 ہلاکتیں بھی سامنے آئیں جس کی تصدیق صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے کی۔
صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے مطابق صوبے میں کورونا کے مجموعی کیسز کی تعداد 10033اور اموات 194 ہوگئی ہیں۔پنجاب میں کورونا سے اب تک 3201 افراد صحت یاب بھی ہوچکے ہیں۔
بلوچستان
بلوچستان میں اب تک کورونا کے مزید 62 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں اور 2 ہلاکتیں بھی سامنے آئی ہیں جس کی تصدیق صوبائی محکمہ صحت کی جانب سے کی گئی ہے۔
محکمہ صحت کے مطابق صوبے میں کورونا کےمریضوں کی مجموعی تعداد 1725 اور اموات 24 ہوگئی ہیں جب کہ 209 افراد اب تک صحتیاب ہوچکے ہیں۔
اسلام آباد
وفاقی دارالحکومت میں آج کورونا وائرس کے مزید 37 کیسز سامنے آئے ہیں جو سرکاری پورٹل پر رپورٹ کیے گئے ہیں۔
سرکاری پورٹل کے مطابق نئے کیسز سامنے آنے کے بعد اسلام آباد میں کیسز کی مجموعی تعداد 558 ہوگئی ہے جب کہ شہر میں وائرس سے اب تک 4 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔
آزاد کشمیر
آزاد کشمیر سے آج کورونا کے مزید 2 کیسز سامنے آئے ہیں جو سرکاری پورٹل پر رپورٹ کیے گئے ہیں۔
پورٹل کے مطابق علاقے میں کورونا کے کیسز کی کل تعداد 78 ہوگئی ہے اور 58 افراد صحت یاب ہوچکے ہیں جبکہ اب تک کوئی ہلاکت سامنے نہیں آئی۔
خیبرپختونخوا
خیبر پختونخوا میں جمعرات کو کورونا سے مزید 6 افراد جاں بحق ہوئے جس کے بعد صوبے میں ہلاکتوں کی تعداد 209 تک جاپہنچی ہے۔
محکمہ صحت کے مطابق صوبے میں مزید 244 افراد میں مہلک وائرس کی تشخیص ہوئی جس کے بعد متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 3956 ہوگئی ہے۔محکمہ صحت نے بتایاکہ صوبے میں اب تک کورونا سے 984 افراد صحت یاب ہوچکے ہیں۔
گلگت بلتستان
گلگت بلتستان میں جمعرات کو مزید 6 کیسز کی تصدیق ہوئی جس کے بعد متاثرہ مریضوں کی مجموعی تعداد 394 تک پہنچ گئی۔
محکمہ صحت کے مطابق کورونا وائرس سے 3 افراد کا انتقال ہوا ہے جبکہ اب تک 292 افراد صحت یاب ہو چکے ہیں۔