کورونا وائرس کے خلاف جنگ میں سندھ پولیس کے سب انسپکٹر محمد حنیف زندگی کی بازی ہار گئے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ کراچی کے علاقے ملیر میں تعینات سب انسپکٹر محمد حنیف کورونا وائرس کا شکار ہوکر شہید ہوگئے۔
وفات سے قبل سب انسپکٹر حنیف کی جانب سے جناح اسپتال میں بنائی گئی ویڈیو بھی سامنے آئی ہے،ویڈیو میں شہید سب انسپکٹرکو محکمے کے افسران سے داد رسی نہ ہونے کا شکوہ کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔
شہید سب انسپکٹر محمد حنیف کے 24اپریل کو ریکارڈ کیے گئے ویڈیو بیان میں کہا گیا ہے کہ ٹیسٹ کرانے آیا ہوں کسی نے صبح سے نہیں پوچھا۔
ویلفیئر حکام سندھ پولیس کا کہنا ہے کہ سب انسپکٹر حنیف کا کورونا ٹیسٹ 7 مئی کو مثبت آیا تھا۔
ویلفیئرحکام نے کہا کہ جناح اسپتال میں سب انسپکٹر حنیف نے کورونا ٹیسٹ کی غرض سے آنے کا نہیں بتایا تھا، شہید سب انسپکٹر نے جناح اسپتال میں اپنی شناخت ظاہر نہیں کی تھی۔
انہوں نے کہا کہ سب انسپکٹر حنیف عام مریض کی حیثیت سے جناح اسپتال میں علاج کرانے پہنچا،
ویلفیئر حکام کا کہنا تھا کہ سندھ بھر میں ضلعی سطح پر محکمے کے فوکل پرسن مقرر ہیں، سب انسپکٹر حنیف کا کیس علم میں آنے کے بعد محکمے نے مستقل داد رسی کی۔
جناح اسپتال کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر سیمی جمالی کا اس بابت کہنا ہے کہ سب انسپکٹر محمد حنیف نام کا کوئی بندہ اسپتال نہیں آیا۔
سیمی جمالی نے کہا کہ اسپتال میں کوئی پرائیویٹ ٹیسٹ نہیں ہوتا، سرکاری ٹیسٹ ہوتا ہے جس کا کوئی پیسہ نہیں لیا جاتا۔
خیال رہے کہ ملک بھر میں کورونا وائرس سے جاں بحق افراد کی تعداد 737 ہو گئی جبکہ اس مہلک وبا میں مبتلا مریضوں کی تعداد 34 ہزار 336 تک پہنچ گئی۔