سعودی عرب میں تعزیراتی کوڑے مارنے کی سزا کو باضابطہ طور پر ختم کردیا گیاہے۔ سعودی وزارت انصاف کی جانب سے کی گئی ایک ٹویٹ میں کہا گیا ہے کہ مملکت کی سپریم جوڈیشل کونسل نے کوڑے مارنے کی سزا کے خاتمے کا باضابطہ حکمنامہ جاری کردیا۔
مستقبل میں مجرموں کو کوڑوں کے بجائے قید یاجرمانے یا پھردونوں سزائیں سنائیں جائیں گی،ٹویٹ میں کہاگیاہے کہ عدالتیں مقدمات کی سماعت کریں گی،ان کا جائزہ لیں گی اورہر مقدمے کا اس کی نوعیت کے اعتبار سے منصفانہ فیصلہ کریں گی۔
Prison or fines or both will be some of the alternative sentences to replace flogging. Courts will hear and evaluate cases and make most sound decisions regarding each case. https://t.co/2yvqKGfUZ9
— Saudi Ministry of Justice (@MojKsa_EN) May 19, 2020
واضح رہے کہ سعودی سپریم کورٹ نے گزشتہ ماہ ماتحت عدالتوں کے نظام میں ایک شاہی فرمان کے ذریعے کوڑوں کی سزا ختم کرنے کا اعلان کیا تھا۔
سعودی سپریم کورٹ کے جنرل کمیشن نے عدالتوں کےلیے رہنما اصولوں پر مشتمل ہدایت نامہ بھی جاری کیا تھا جس میں ماتحت عدالتوں کو ہدایت کی گئی تھی کہ وہ مختلف جرائم کے مرتکب افراد کو آئندہ کوڑے مارنے کے بجائے ان پر صرف جرمانہ عائد کرسکیں گی، قیدِ بامشقت سنا سکیں گی، یا پھر یہ دونوں سزائیں بیک وقت دے سکیں گی۔