پنجاب کی 56 کمپنیوں میں کرپشن اور ملزمان سے رقوم کی واپسی کا بھی جائزہ لیا گیا۔فائل فوٹو
پنجاب کی 56 کمپنیوں میں کرپشن اور ملزمان سے رقوم کی واپسی کا بھی جائزہ لیا گیا۔فائل فوٹو

نیب اجلاس۔ شریف خاندان کے خلاف کرپشن کیسز کا جائزہ

چیئرمین نیب کی زیر صدارت ایگزیکٹو بورڈ کے اجلاس میں شریف خاندان کے خلاف کرپشن کیسز کا جائزہ جبکہ آٹا اور چینی اسکینڈلز کی تحقیقات میں پیشرفت پر بات چیت کی گئی۔

چیئرمین نیب کی زیر صدارت نیب ہیڈ کوارٹرز میں اہم اجلاس کا اعلامیہ جاری کر دیا گیا جس میں کہا گیا کہ شریف خاندان، احد چیمہ، فواد حسن فواد، شاہد خاقان عباسی، احسن اقبال، مفتاح اسماعیل کے خلاف کرپشن کیس کا جائزہ لیا گیا۔

نیب اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ اجلاس میں جعلی بینک اکاوَنٹس کیس میں آصف زرداری ، غنی ، انور مجید کے خلاف تحقیقات کے علاوہ گندم چینی اسکینڈل کی تحقیقات اور سندھ میں گندم چوری کی انکوائری کا جائزہ لیا گیا۔

اس کے علاوہ پنجاب کی 56 کمپنیوں میں کرپشن اور ملزمان سے رقوم کی واپسی، 435 آف شور کمپنیوں میں سیف اللہ برادران، علیم خان اور دیگر کے خلاف تحقیقات، مضاربہ، مشارکہ، جعلی ہاؤسنگ سوسائٹیوں کی انکوائریوں کا بھی جائزہ لیا گیا۔

اعلامیے کے مطابق امیر مقام، کیپٹن (ر) صفدر، اکرم خان درانی کے کرپشن کیسز کی پیشرفت رپورٹ پرغورکیا گیا۔

نیب نے مفرور اور اشتہاری ملزمان کی گرفتاری کیلیے تمام تر وسائل بروئے کارلانے اور احتساب عدالتوں میں زیر التوا مقدمات کی جلد سماعت کے لیے درخواستیں دائر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

اس موقع پر چیئرمین نیب نے کہا کہ نیب دباؤ، دھمکی اور پراپیگنڈا کی پرواہ کئے بغیر قانون کے مطابق کام کرتا رہے گا۔