بیجنگ میں دو ماہ بعد جمعرات کو کرونا وائرس کا پہلا کیس سامنے آیا تھا۔فائل فوٹو
بیجنگ میں دو ماہ بعد جمعرات کو کرونا وائرس کا پہلا کیس سامنے آیا تھا۔فائل فوٹو

چین میں کورونا دوبارہ سر اٹھانے لگا،57 کیس سامنے آگئے

چین میں کورونا وائرس دوبارہ سر اٹھانے لگا،مزید57 کیس سامنے آگئے جس کے پیش نظر چینی حکام نے دارالحکومت بیجنگ کے جنوب میں واقع ایک گوشت مارکیٹ میں کرونا وائرس پھیلنے کے بعد گیارہ علاقوں میں لاک ڈاؤن کردیا ۔

چین میں محکمہ صحت کے حکام کا کہنا ہے کہ گذشتہ روز کووڈ 19 کے 57 نئے متاثرین کی تصدیق ہوئی ہے جو13 اپریل کے بعد ملک میں ایک دن کے دوران کورونا کے نئے متاثرین کی سب سے بڑی تعداد ہے۔

چینی حکام نے ہفتے کے روز بتایا ہے کہ شین فادی گوشت مارکیٹ سے اب تک سات کیس سامنے آئے ہیں اوران میں چھ کی تصدیق ہوئی ہے۔اس کے بعد نزدیک واقع نو اسکولوں اور کنڈر گارٹنز کو بھی بند کردیا گیاہے۔

برطانوی خبررساں ایجنسی رائیٹرز کی رپورٹ کے مطابق بیجنگ کے جنوب مغربی علاقے فنگتائی میں واقع مارکیٹ میں 517 افراد کے کرونا وائرس کے ٹیسٹ کیے گئے ہیں اوران میں سے 45 کے گلے متاثر ہونے کا نتیجہ مثبت رہا ہے۔

شین فادی گوشت مارکیٹ کے چئیرمین نے بیجنگ نیوز کو بتایا ہے کہ وائرس درآمدہ مچھلی کو کاٹنے کے لیے استعمال ہونے والے بورڈز پر پایا گیا ہے۔ شہری حکام نے جمعہ کو دو اور مچھلی مارکیٹوں کو کرونا وائرس کا شکار ایک شخص کے وہاں جانے کے بعد بند کردیا تھا۔

روزنامہ بیجنگ کی رپورٹ کے مطابق وولمارٹ اور کری فور سمیت بڑی مارکیٹ چینوں نے دارالحکومت سے مچھلی کے تمام ذخیرہ کو ہٹا دیا ہےلیکن ان کا کہنا ہے کہ دوسری مصنوعات کرونا وائرس سے متاثر نہیں ہوئی ہیں۔ان دونوں مارکیٹوں میں پولیس کی بھاری نفری تعینات کردی گئی ہے۔

بیجنگ میں کوئی دو ماہ کے بعد جمعرات کو کرونا وائرس کا پہلا کیس سامنے آیا تھا لیکن اس متاثرہ شخص نے شہر سے باہر سفر نہیں کیاتھا۔ حکام نے جمعہ کو دو اور نئے کیسوں کی تصدیق کی تھی۔چین نے کل 11 نئے کیسوں کی اطلاع دی ہے۔ان میں بیجنگ میں رپورٹ ہونے والے مذکورہ چھ کیس بھی شامل ہیں۔

چین میں حال ہی میں سمندرپار سے وطن لوٹنے والے شہریوں کے کرونا وائرس کے ٹیسٹ کیے گئے ہیں اور ان میں سے بعض کا نتیجہ مثبت رہا ہے۔

واضع رہے کہ چین میں کرونا سے83,132افراد متاثر ہوئے،4,634 اموات ہوئیں،78,369 افراد صحت یاب ہوچکے اور129 افراد مختلف ہسپتالوں میں زیرعلاج ہیں۔